
پریاگ راج، 18 جنوری (ہ س)۔ گنگا، یمنا اور قدیم سرسوتی ندی کے سنگم پر مونی اماوسیا کا اسنان (غسل) جاری ہے۔ سنگم کے ساحل پر ’کلپ واس‘ کر رہے لوگ تو رات کے 12 بجتے ہی مقدس اسنان کے لیے پہنچ گئے۔ ’کلپ واس‘، ماگھ مہینے (پوش پورنیما سے ماگھی پورنیما تک) میں سنگم کے ساحل پر ایک ماہ تک چلنے والی مشکل سادھنا (ریاضت) ہے۔ عقیدت مند دنیاوی موہ (لگاو) چھوڑ کر سنگم کے ساحل پر رہ کر تپ، جپ، بھجن اور ست سنگ کرتے ہیں۔ اس دوران زمین پر سونا، ایک وقت کھانا اور سخت نظم و ضبط کا خیال رکھا جاتا ہے۔ سنگم میں چاروں طرف اسنان کرنے والے ’ہر ہر گنگے‘ کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ اتوار کی صبح 8 بجے تک 1.3 کروڑ عقیدت مندوں نے عقیدت کی ڈبکی لگائی اور اپنی منزلوں کی طرف روانہ ہو گئے۔
پریاگ راج کے ضلع مجسٹریٹ منیش کمار ورما نے کہا کہ مونی اماوسیا کا اسنان رات 12 بجے سے شروع ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ اسنان کر چکے ہیں۔ کل ڈیڑھ کروڑ لوگوں نے اسنان کیا ہے۔ پولیس کمشنر جوگیندر کمار نے کہا کہ مونی اماوسیا اسنان تہوار پر سیکورٹی کے سبھی انتظامات کیے گئے ہیں۔
آج تقریباً ساڑھے 3 کروڑ عقیدت مندوں کے سنگم میں اسنان کرنے کا اندازہ ہے۔ سکیورٹی کے پیش نظر میلہ پولیس پورے سنگم علاقے میں پانی، زمین اور آسمان سے نگرانی کرے گی۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ماگھ میلہ) نیرج کمار پانڈے نے بتایا کہ سبھی راستوں سے اسنان گھاٹ تک آنے جانے والے راستوں پر داخلہ اور نکاسی گیٹ کو سائنیج سے ظاہر کیا گیا ہے۔ میلہ علاقے میں بھیڑ بڑھنے کی صورت میں بھنڈارے اور پرساد تقسیم کو عارضی طور پر بند کرانے کی ہدایات متعلقہ افسران کو دی گئی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن