
تعلیم ایک طاقتور ہتھیار ہے جو دنیا کی سمت بدل سکتا ہے۔ وزیر تعلیم
جموں، 17 جنوری (ہ س)۔ وزیر تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے کہا ہے کہ تعلیم ایک طاقتور ہتھیار ہے جو دنیا کی سمت بدل سکتا ہے، جبکہ سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی مستقبل کی ضرورت بن چکی ہے۔ وہ گورنمنٹ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (جی سی ای ٹی) جموں میں ’انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن‘ کے تحت منعقدہ نیشنل ٹیکنیکل کانکلیو سے خطاب کر رہی تھیں۔ یہ کانکلیو جی سی ای ٹی جموں کی جانب سے آئی آئی ٹی کھڑگپور کے تکنیکی اشتراک، مرکزی وزارت الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جموں و کشمیر حکومت کے محکمہ صنعت و تجارت کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ایم ایل اے نگروٹہ دیویانی رانا، کمشنر سکریٹری ہائر ایجوکیشن رام نواس شرما، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں نسیم جاوید چودھری، انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن کے ڈائریکٹر ٹیکنالوجی ڈاکٹر منیش کمار ہوڈا، ڈائریکٹر و پرنسپل جی سی ای ٹی ڈاکٹر سمیرہ شرما، آئی آئی ٹی جموں، کینز ٹیکنالوجیز کے ماہرین، کالج فیکلٹی اور بڑی تعداد میں طلبہ موجود تھے۔
وزیر تعلیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجیز ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی ہیں اور یہ جموں و کشمیر کی اقتصادی ترقی، تکنیکی خود کفالت اور مستقبل کے لیے تیار افرادی قوت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تکنیکی تعلیمی اداروں کو ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے، تحقیق کو فروغ دینے اور صنعت سے ہم آہنگ نصاب مرتب کرنے میں کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔
سکینہ اِیتو نے تعلیمی اداروں، صنعت اور تحقیقی تنظیموں کے درمیان قریبی اشتراک پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انجینئرنگ اداروں میں اسٹارٹ اپ کلچر کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے تاکہ تحقیق کو عملی اور قابلِ توسیع حل میں بدلا جا سکے۔ انہوں نے کانکلیو کے انعقاد پر جی سی ای ٹی جموں کی ستائش کی اور کہا کہ اس طرح کے پلیٹ فارم طلبہ اور اساتذہ کو جدید ٹیکنالوجیز سے روشناس کراتے ہیں۔وزیر تعلیم نے اعلان کیا کہ جی سی ای ٹی جموں کے آڈیٹوریم کو جدید خطوط پر اپ گریڈ کیا جائے گا اور کہا کہ یہ ادارہ جموں و کشمیر کے تعلیمی شعبے میں ایک شاندار وراثت رکھتا ہے۔
تقریب کے دوران وزیر تعلیم نے جی سی ای ٹی جموں کے ’پرزم پورٹل‘ کا افتتاح بھی کیا جو طلبہ اور فیکلٹی کے لیے ایک مربوط تعلیمی و امتحانی نظام ہے۔ اس سے قبل انہوں نے کالج میں کینٹین بلاک کے سنگ بنیاد رکھی، جو آر اینڈ بی محکمہ کی جانب سے تقریباً 2.54 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر