
دیہی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے حکومت نے اہم فیصلہ لیا
جموں، 15 جنوری (ہ س)۔ دیہی سطح پر حکمرانی کو مضبوط بنانے اور دیہی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے مقصد سے حکومتِ جموں و کشمیر نے ایک اہم انتظامی اصلاح کے تحت محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج میں ضلع پنچایت افسران (ڈی پی اوز) کی 21 اسامیوں کو بلاک ڈیولپمنٹ آفیسرز (بی ڈی اوز) کے طور پر دوبارہ نامزد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ سکریٹری محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج محمد اعجاز اسد کی جانب سے جاری کیا گیا۔ حکم نامے کے مطابق، 19 اسامیوں کو ضلع پنچایت افسر سے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (ہیڈکوارٹر) کے طور پر اسسٹنٹ کمشنرز پنچایت کے دفاتر میں دوبارہ نامزد کیا گیا ہے، جبکہ دو اسامیوں کو ضلع پنچایت افسر (پبلسٹی) سے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (پبلسٹی) کے طور پر ڈائریکٹوریٹ آف رورل ڈیولپمنٹ، جموں و کشمیر میں تبدیل کیا گیا ہے۔
دوبارہ نامزد کی گئی ان اسامیوں پر تنخواہ کا اسکیل بدستور پے لیول-8 ،47,600 تا 1,51,100 رہے گا، جو جموں و کشمیر رورل ڈیولپمنٹ (گزٹیڈ) سروسز ریکروٹمنٹ رولز کے تحت ہے۔
اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے سکریٹری آر ڈی ڈی محمد اعجاز اسد نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز پنچایت کی اسامیوں کے قیام کے بعد ضلع سطح پر ڈی پی اوز کا کردار بڑی حد تک غیر مؤثر ہو چکا تھا۔ ان کے مطابق، اس نئی ترتیب سے تجربہ کار افسران کا بہتر استعمال ممکن ہوگا اور بلاک سطح پر بی ڈی اوز کی شدید کمی کو بھی پورا کیا جا سکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے سی پنچایت دفاتر میں بی ڈی او سطح کی اسامیوں کے قیام سے سوچھ بھارت مشن (گرامین)، ری ویمپڈ گرام سوراج یوجنا، پی آر آئی،بی ڈی سی،ڈی ڈی سی منصوبوں اور دیگر پنچایت پر مبنی پروگراموں کے مؤثر نفاذ، نگرانی اور رابطہ کاری میں مدد ملے گی۔
حکومت کے مطابق، اس اقدام سے اے سی پنچایت دفاتر میں انتظامی معاونت اور عوامی خدمات کی فراہمی نمایاں طور پر بہتر ہوگی اور فیصلے سازی و عمل درآمد کا عمل عوام کے مزید قریب آ سکے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر