
جگل کشور شرما نے جموں کو الگ ریاست بنانے کے دعویٰ کو مسترد کیا
جموں، 15 جنوری (ہ س)۔ بی جے پی کے سینئر رہنما اور رکنِ پارلیمان جگل کشور شرما نے جموں کے لیے الگ ریاست کے قیام سے متعلق دعوؤں کو دو ٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے اندر اس طرح کی کوئی بھی بحث یا تجویز موجود نہیں ہے۔
جموں میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے جگل کشور شرما نے واضح کیا کہ بی جے پی کا موقف بالکل صاف اور مستقل ہے اور وہ پورے جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کے حق میں ہے، جیسا کہ وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ پہلے ہی وعدہ کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے کسی بھی سطح پر جموں کے لیے الگ ریاست بنانے پر کوئی بات نہیں ہو رہی۔ ہماری مانگ اور عزم یہی ہے کہ جموں و کشمیر کو مکمل ریاستی درجہ بحال کیا جائے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمان نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلے ہی عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مناسب وقت پر جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ واپس دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ بھی متعدد بار اس معاملے پر حکومت کے عزم کا اعادہ کر چکے ہیں۔
جگل کشور شرما نے زور دے کر کہا کہ عوام میں کنفیوژن پیدا کرنے کے لیے گمراہ کن بیانیے پھیلائے جا رہے ہیں۔ جموں کے لیے الگ ریاست کے دعوے بے بنیاد ہیں۔ اس سلسلے میں نہ کوئی تجویز ہے، نہ کوئی بحث اور نہ ہی کوئی ارادہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر میں امن، ترقی اور سیاسی استحکام چاہتی ہے اور ریاستی درجہ کی بحالی پارلیمنٹ کے ایوان میں دی گئی یقین دہانیوں کے مطابق ہی عمل میں لائی جائے گی۔
بی جے پی رکن پارلیمان نے کہا کہ پارٹی کی توجہ ترقیاتی کاموں، جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام کو ان کے آئینی اور جمہوری حقوق مکمل طور پر حاصل ہوں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر