
حیدرآباد، 15 جنوری (ہ س)۔ وشاکھاپٹنم میونسپل کارپوریشن کے سینی ٹیشن ملازمین نے دیانتداری اورانسانیت کی ایک اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔ مدھورا واڑہ کے علاقے پی ایم پالیم میں فرائض انجام دینے والے ملازمین کو سڑک پر گرے سونے کے زیورات ملے جسے انہوں نے بحفاظت اس کے اصل مالک تک پہنچادیا۔ جی وی ایم سی کے صفائی ملازمین ارونا، رامو اور صفائی گاڑی کے ڈرائیور پرساد معمول کے مطابق پی ایم پالیم میں صفائی کے کاموں میں مصروف تھے۔ اس دوران انہیں سڑک پر سونے کے دو ہار ملے جن کا وزن تقریباً 4.5 تولہ اور مالیت 5 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ ملازمین نے لالچ میں آنے کے بجائے فوری طور پر اپنے سپروائزر اپلا راجو اور سینٹری انسپکٹر سنتوش کمار کو مطلع کیا۔ حکام نے گاؤں میں معلوم کیا تو پتہ چلاکہ یہ زیورات پی ایم پالیم کے راج گوپال ریزیڈنسی کے رہنے والیکے رام چندر راؤ اور سومیا کے ہیں۔ صفائی عملے اور متعلقہ حکام کی موجودگی میں یہ قیمتی زیورات متاثرہ خاندان کے حوالے کر دیئے گئے۔ اپنی محنت کی کمائی اور قیمتی یادگار واپس ملنے پر متاثرہ خاندان نے صفائی ملازمین کا شکریہ ادا کیا۔ گاؤں والوں اور میونسپل حکام نے بھی ان ملازمین کی دیانتداری کی بھرپور ستائش کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق