
علی گڑھ، 15 جنوری (ہ س)۔ ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ کی ایسوسی ایٹ پروفیسر اور سنٹر فار انٹیگریٹیڈ گرین اینڈ رینیویبل انرجی کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر صفیہ اختر کاظمی کو اے ایم یو وائس چانسلر نے مشن لائف (لائف اسٹائل فار انوائرنمنٹ) کے لیے نوڈل افسر نامزد کیا ہے۔ مشن لائف،وزارتِ ماحولیات، جنگلات و موسمیاتی تبدیلی، حکومتِ ہند کا ایک اہم اقدام ہے، جس کا ہدف افراد اور اداروں کو پائیدار طرزِ زندگی اختیار کرنے، ماحولیاتی اثرات میں کمی لانے اور ملک کے موسمیاتی اہداف کے حصول میں مؤثر کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا ہے۔ بطور نوڈل افسر، ڈاکٹر کاظمی اے ایم یو میں تعلیمی سرگرمیوں، تحقیقی پروگراموں اور سماجی روابط میں مشن لائف کے اصولوں کو شامل کرنے کے لیے اقدامات کی قیادت کریں گی۔ ان کی ذمہ داریوں میں ماحولیاتی شعور کو فروغ دینا، پائیدار عملی اقدامات کی حوصلہ افزائی اور طلبہ کی شمولیت کو بڑھانا شامل ہوگا، تاکہ یونیورسٹی برادری میں ماحولیات اور کائنات دوست رویوں کو پروان چڑھایا جا سکے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ