
علی گڑھ، 15 جنوری (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق طالب علم پروفیسر محمد شاہ عالم نے، جو پہلے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے شعبہ الیکٹرانکس انجینئرنگ سے وابستہ رہے ہیں، اگلی نسل کی وائرلیس مواصلاتی ٹکنالوجی کے میدان میں ایک شاندار کامیابی حاصل کی ہے، جسے عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
اس وقت امام محمد بن سعود اسلامک یونیورسٹی، ریاض کے شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ میں پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے پروفیسر عالم نے ایک ریسرچ ٹیم کی قیادت کی، جس نے 6جی ٹرانسمیشن لائن ٹکنالوجی تیار کی۔ اس اختراعی ٹکنالوجی کو سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں 50ویں بین الاقوامی ایجادات نمائش میں گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ یہ نمائش عالمی سطح پر انقلابی تکنیکی ایجادات کا ایک معروف پلیٹ فارم سمجھی جاتی ہے۔
یہ تحقیق ملی میٹر ویو وٹرانسمیشن سے متعلق اہم چیلنجوں کا حل پیش کرتی ہے، جو مستقبل کے 6 جی نیٹ ورکس میں زیادہ تیز ڈیٹا اسپیڈ، کم تاخیر اور وسیع فریکوئنسی کوریج کے حصول کے لیے نہایت اہم ہے۔ جدید مواد اور اختراعی ڈیزائن کے امتزاج سے تیار کی گئی یہ ٹکنالوجی موجودہ طریقوں کے مقابلے میں نمایاں کارکردگی پیش کرتی ہے اور اگلی نسل کے وائرلیس نظاموں کے لیے ایک قابل وسیع حل فراہم کرتی ہے۔
اس اختراع کو امریکی پیٹنٹ حاصل ہو چکے ہیں، اسے امریکہ میں منعقد ہونے والی بڑی بین الاقوامی کانفرنسوں اورٹکنالوجی نمائشوں میں پیش کیا جا چکا ہے، اور معروف آئی ای ای ای جرائد میں شائع بھی کیا گیا ہے، جو اس کی سائنسی اہمیت اور کامرشیئل امکانات کو اجاگر کرتا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ