
علی گڑھ، 15 جنوری (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی میں بی ٹیک (آرٹیفیشیئل انٹیلی جنس)، سال سوم کے طالب علم سید باسل رضوی کو انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (آئی ایس آر او)، حکومت ہند کے ادارے نیشنل ریموٹ سینسنگ سینٹر–نارتھ (این آر ایس سی-این)، نئی دہلی میں انٹرن شپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
سید باسل رضوی کا یہ انتخاب ان کی شاندار تعلیمی کارکردگی، لگن اور آرٹیفیشیئل انٹیلی جنس میں مضبوط تکنیکی بنیاد کا مظہر ہے۔ اس انٹرن شپ کے دوران انہیں ریموٹ سینسنگ اور خلائی ٹکنالوجی کے شعبوں میں آرٹیفیشیئل انٹیلی جنس کے عملی اور حقیقی استعمالات کا براہِ راست تجربہ حاصل ہوگا۔ ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے پرنسپل پروفیسر محمد مزمل نے سید باسل رضوی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کامیابیاں ابھرتی ہوئی ٹکنالوجیز میں اے ایم یو کے طلبہ کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو نمایاں کرتی ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کریں گے اور جدید سائنسی و تکنیکی میدانوں میں بامعنی خدمات انجام دیں گے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں ٹریننگ و پلیسمنٹ انچارج ڈاکٹر معینہ اطہر نے کہا کہ یہ دستیابی باسل رضوی کی محنت، ثابت قدمی اور مہارت کو ظاہر کرتی ہے اور ادارے کے لیے باعثِ فخر ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ