
جموں, 13 جنوری (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے وزیر خوراک، شہری رسد و امورِ صارفین ستیش شرما نے راجوری میں 10ویں ویٹرنز ڈے اور ایکس سروس مین ڈے کے موقع پر منعقدہ پروقار ریلی میں سابق فوجیوں، جنگی بیواؤں اور حاضر سروس اہلکاروں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس تقریب کا اہتمام بھارتی فوج کی ناردرن کمانڈ کی جانب سے کیا گیا تھا۔ریلی میں لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما، جی او سی اِن سی ناردرن کمانڈ؛ لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا، جی او سی وائٹ نائٹ کور میجر جنرل کوشک مکھرجی، جی او سی 25 انفنٹری ڈویژن سمیت بڑی تعداد میں سابق فوجی، ویر ناریز اور ان کے اہلِ خانہ شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ستیش شرما نے کہا کہ ویٹرنز ڈے مسلح افواج کی جانب سے ملک کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے دی گئی بے مثال قربانیوں کی یاد دہانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی بہادری، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے عالمی سطح پر بھارت کو عزت و وقار دلایا ہے۔سابق فوجیوں کو حب الوطنی کے تاحیات علمبردار قرار دیا۔اور کہا کہ فوجی کبھی حقیقی معنوں میں ریٹائر نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرأت، نظم و ضبط اور فرض شناسی ریٹائرمنٹ کے بعد بھی معاشرے کی رہنمائی کرتی رہتی ہے۔
جذباتی انداز میں خطاب کرتے ہوئے ستیش شرما نے اپنے والد کا ذکر کیا جو خود فوجی تھے ۔اور کہا کہ انہوں نے بچپن سے ہی گھر میں فوجی اقدار کو اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ان کے والد عوامی خدمت میں مصروف رہے، جو ایک سپاہی کی تاحیات وابستگی کا مظہر ہے۔
وزیر نے جموں و کشمیر میں امن، سماجی ہم آہنگی اور نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے سابق فوجیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن سدبھاوَنا جیسے اقدامات کے ذریعے ویٹرنز اہم خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی قربانیوں کے نتیجے میں یونین ٹیریٹری امن اور ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہی ہے۔
سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آرمی ویلفیئر پلیسمنٹ آرگنائزیشن، اسٹیٹ سولجرز ویلفیئر بورڈ، سولجر اسسٹنس سینٹرز اور ویر سینک اسسٹنس سینٹرز کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے تاکہ روزگار، قانونی، طبی اور بازآبادکاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے شہدا کے اہلِ خانہ اور ویر ناریز کو بھی سلام پیش کیا اور ان کی جرأت کو قوم کے لیے باعثِ تحریک قرار دیتے ہوئے حکومت اور فوج کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر معذور فوجیوں میں خصوصی طور پر تیار کردہ اسکوٹرز تقسیم کیے گئے تاکہ ان کی نقل و حرکت اور خودمختاری میں اضافہ ہو۔ وزیر نے خود اسکوٹرز حوالے کیے اور مستفیدین سے ملاقات بھی کی۔تقریب میں مدراس رجمنٹ اور پنجاب رجمنٹ کے اہلکاروں نے ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے۔ ریلی کا اختتام وزیر، سینئر فوجی افسران، سابق فوجیوں، این سی سی کیڈٹس اور عوام کے باہمی تبادلۂ خیال کے ساتھ ہوا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر