آتشزدگی کے متاثرین کے لئے نئے مکانات، وزیراعلی نائیڈو کا اعلان
حیدرآباد، 13 جنوری(ہ س)۔ آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے ضلع کاکناڈا کے گاؤں سارلنکا پلے میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت دی ہے۔سنکرانتی کے تہ
آتشزدگی کے متاثرین کے لئے نئے مکانات، وزیراعلی نائیڈو کا اعلان


حیدرآباد، 13 جنوری(ہ س)۔

آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے ضلع کاکناڈا کے گاؤں سارلنکا پلے میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت دی ہے۔سنکرانتی کے تہوار کے موقع پر پیش آنے والے اس واقعہ پر منگل کو وزراء اوراعلیٰ حکام کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ جن خاندانوں کے مکان تباہ ہوئے ہیں انہیں فوری طور پر نئے مکان منظور کیے جائیں۔ حکام نے وزیراعلیٰ کو مطلع کیا کہ فوری امداد کے طور پر ہر متاثرہ خاندان کو 25,000 روپے نقد فراہم کئے جارہے ہیں۔ چندرابابو نائیڈو نے مزید ہدایت دی کہ جب تک نئے مکان تعمیر نہیں ہو جاتے، متاثرین کی رہائش اور دیگر ضروریات کا پورا خیال رکھا جائے۔

اس کے علاوہ انہوں نے اس واقعہ میں تلف دستاویزات، آدھار کارڈ اور دیگر کاغذات دوبارہ جاری کرنے کے لئے خصوصی کیمپ لگانے کے احکامات بھی جاری کئے۔ انہوں نے وزراء اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ امدادی کاموں کی خود نگرانی کریں۔جس وقت یہ آگ لگی، گاؤں کے کئی لوگ سنکرانتی کے تہوار کی خریداری کے لئے قریبی شہر تونی گئے ہوئے تھے۔ خوش قسمتی سے گاؤں میں موجود لوگ آگ بھڑکتے ہی بروقت الرٹ ہو گئے جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ لوگ اپنی جانیں بچانے کے لئے دور بھاگنے پر مجبور ہو گئے اور اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے گھروں کو جلتے ہوئے دیکھتے رہے۔واضح رہے کہ سارلنکا گاؤں میں بھیانک آگ لگ گئی تھی۔اس واقعہ میں 38 گھر جل کر خاکسترہوگئے تھے اور 120 افراد بے گھرہوگئے تھے۔اس واقعہ کے بعد 120سے زائد افراد کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبورہوگئے تھے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande