
بھوپال، 13 جنوری (ہ س)۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو مدھیہ پردیش میں ای-گورننس نظام کو وسعت دیتے ہوئے منگل کو کونسل آف منسٹرز کی میٹنگ میں ٹیبلیٹ لے کر پہنچے۔ قابل ذکر ہے کہ 6 جنوری کو ہوئی کونسل آف منسٹرز کی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کی پہل پر ریاست میں ای-کابینہ کا عمل شروع کرنے کے مقصد سے وزراء کو ٹیبلیٹ فراہم کرائے گئے تھے۔ ساتھ ہی وزراء کونسل کے سامنے ای-ٹیبلیٹ ایپلی کیشن کی پریزنٹیشن ہوئی تھی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بتایا کہ اس پہل سے پیپر لیس کام کا عمل اپنانے، وقت کی بچت اور شفافیت یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
وزیر اعلیٰ نے وزراء کونسل کی میٹنگ سے پہلے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’سنکلپ سے سمادھان ابھیان‘‘ 12 جنوری کو سوامی وویکانند کی جینتی ’یوم نوجوان‘ سے شروع کیا گیا ہے۔ یہ مہم چار مرحلوں میں 31 مارچ تک چلے گی۔ اس مہم میں حکومت کی مختلف اسکیموں اور خدمات کا فائدہ اہل افراد کو دیا جائے گا۔ اس میں 16 محکموں کی 91 اسکیمیں/خدمات شامل ہیں۔ یہ شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں ساتھ ساتھ چلے گا۔ پہلے مرحلے میں 12 جنوری سے 15 فروری 2026 تک درخواست حاصل کرنے کی کارروائی ہوگی۔ دوسرے مرحلے میں 16 فروری سے 16 مارچ تک پہلے مرحلے میں حاصل درخواست/بقیہ درخواستوں کے تصفیے کے لیے کیمپوں کا انعقاد ہوگا۔ تیسرے مرحلے میں 16 مارچ سے 26 مارچ 2026 تک بلاک سطح پر کیمپ منعقد کیے جائیں گے، جس میں غیر تصفیہ شدہ بقیہ درخواستوں اور شکایتوں کا تصفیہ ہوگا۔ چوتھا مرحلہ 26 مارچ سے 31 مارچ 2026 تک چلے گا، جس میں ضلع سطح پر کیمپ منعقد کر کے درخواست اور شکایت کا تصفیہ ہوگا۔ ضلع سطح پر کلکٹر اور سب ڈویژن سطح پر سب ڈویژنل افسر (ریونیو) کے ذریعے اس مہم کو لیڈ کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ سبھی انچارج وزراء کو اپنے اپنے چارج کے اضلاع میں لگاتار مانیٹرنگ کرنی ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت سبھی کو صاف پینے کا پانی دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ریاست میں ’سوچھ جل ابھیان‘ شروع کیا جا رہا ہے، جو دو مرحلوں میں چلے گا۔ پہلا مرحلہ 10 جنوری سے 28 فروری اور دوسرا مرحلہ یکم مارچ سے 31 مارچ کے درمیان چلے گا۔ عام شہریوں کے پینے کے پانی کے مسئلے کے لیے ہر منگل کو ’جل سنوائی‘ کا بھی انتظام رکھا گیا ہے۔ مہم کے تحت تمام واٹر پیوریفیکیشن پلانٹس اور پینے کے پانی کے اسٹوریج ٹینکوں کی صفائی ہوگی، جس کی نگرانی جی آئی ایس میپ پر مبنی ایپ سے ہوگی۔ پینے کے پانی سے متعلق شکایتوں کو 181 پر درج کرنے کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے وزراء کو اپنے اپنے اضلاع میں اس مہم کی گہری مانیٹرنگ کرنے کی ہدایات دیں۔
وزیر اعلیٰ نے مکر سنکرانتی کی پیشگی نیک خواہشات دیتے ہوئے کہا کہ مکر سنکرانتی وہ شبھ (نیک) وقت ہے جب سورج دیوتا اترائن ہوتے ہیں اور قدرت میں نئی توانائی کی ترسیل ہوتی ہے۔ اس پاک موقع پر 15 جنوری کو بابئی نرمدا پورم سے لاڈلی بہنوں کے کھاتے میں جنوری مہینے کی 1500 روپے کی قسط ڈالی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مکر سنکرانتی کا دن اچھی تبدیلی، قوت ارادی اور مثبت سوچ کی علامت مانا جاتا ہے۔ یہ تہوار ریاست کے باشندوں کی زندگی میں سکھ سمردھی اور خوشیاں لائے۔ ہماری ریاست لگاتار ترقی کی طرف گامزن ہو، یہی تمنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ اڑانے، رنگولی مقابلے جیسی سرگرمیوں سے جوش اور امنگ پیدا کرنے والے اس تہوار پر چائنیز مانجھے کے استعمال کے تئیں خاص احتیاط برتی جائے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن