
نئی دہلی،13جنوری(ہ س)۔ جماعتِ اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹو اسٹڈیز (آئی او ایس) کے بانی اور چیئرمین ڈاکٹر محمد منظور عالم کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحے کو مسلم امت اور اسلامی علمی دنیا کے لیے ایک بڑا فکری نقصان قرار دیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ڈاکٹر محمد منظور عالم ایک سنجیدہ عالم، دوراندیش ادارہ ساز اور ملت کے بے لوث خادم تھے۔ ان کی زندگی فکری دیانت داری، بلند اخلاقی ، دانشمندی اور ایمان و یقین سے عبارت تھی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر منظور عالم نے اپنی پوری زندگی فکر کی آبیاری ، اداروں اور افراد کی تشکیل میں صرف کی۔ انہوں نے اپنی زندگی میں فوری ردِعمل کے بجائے ہمیشہ تحقیق، عقل و استدلال کو بنیاد بنایا۔ڈاکٹر منظور عالم کا ماننا تھا کہ قومیں محض جذبات یا احتجاج سے نہیں بلکہ مضبوط علمی تحقیق ، مستند اعداد و شمار اور معاشرے اور ریاست کے ساتھ ذمہ دارانہ تعامل کے ذریعے ترقی کرتی ہیں۔سید سعادت اللہ حسینی نے ہندوستان میں مسلم فکر کے لیے پائیدار علمی فضا قائم کرنے میں ڈاکٹر منظور عالم کے غیر معمولی کردار کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ آئی او ایس کے ذریعے ڈاکٹر منظور عالم نے ایک ایسا پلیٹ فارم قائم کیا جس نے فکری اعتماد، علمی نظم و ضبط اور تہذیبی شعور کو فروغ دیا۔ انہوں نے نئی نسل کو یہ ترغیب دی کہ وہ سماجی ذمہ داریوں ادا کریں اور قومی و عالمی سطح پر اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔سید سعادت اللہ حسینی نے مزید کہا کہ ڈاکٹر منظور عالم انکساری، صبر اور خاموش استقامت کا پیکر تھے۔ بیماری کے ایام میں بھی وہ فکری طور پر بیدار اور اخلاقی طور پر سرگرم رہے۔ان کی ثابت قدمی، سنجیدگی اور علم و تحقیق سے گہری وابستگی نے انہیں نظریاتی اور جغرافیائی حدود سے ماورا احترام کا مستحق بنا دیا تھا۔
اپنے پیغام کے اختتام پر سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ڈاکٹر منظور عالم کی زندگی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ معاشرے میں پائیدار تبدیلی صرف ایمانی فکر، علمی کاوش اور خدمت پر مبنی قیادت سے آتی ہے۔ اگرچہ وہ اپنے رب کے حضور لوٹ چکے ہیں، مگر ان کی فکری وراثت اور غیر معمولی خدمات آئندہ نسلوں کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی عمر بھر کی خدمات کو قبول فرمائے، ان کی کوتاہیوں کو معاف کرے اور ان کے اہلِ خانہ، رفقا اور ان تمام لوگوں کو صبر و حوصلہ عطا فرمائے جو ان کے کام سے مستفید ہوئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais