
علی گڑھ, 13 جنوری (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور اس کے زیر انتظام تمام اسکولوں میں وکست بھارت ینگ لیڈرز ڈائیلاگ (وی بی وائی ایل ڈی) کے اختتامی اجلاس میں وزیرِ اعظم کے خطاب کی براہِ راست نشریات کو طلبہ، اساتذہ اور غیرتدریسی عملہ کے اراکین نے اجتماعی طور سے بھرپور دلچسپی کے ساتھ دیکھا اور سنا اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔ اے ایم یو گرلز اسکول، ایس ٹی ایس اسکول، آر ایم پی ایس اے ایم یو سٹی اسکول، سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول (بوائز)، سینئر سیکنڈری اسکول (گرلز)، عبداللہ اسکول، احمدی اسکول برائے نابینا طلبہ، اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (بوائز)، اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (گرلز) اور اے ایم یو سٹی گرلز ہائی اسکول کے طلبہ نے براہِ راست نشریات اور قومی سطح کے اس خطاب کو اجتماعی طور سے توجہ کے ساتھ دیکھا، سنا اور اس سے تحریک حاصل کی۔ نئی دہلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کی آزادی کے 100 سال مکمل ہونے کے موقع پر وکست بھارت @2047 کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں نوجوانوں کے فیصلہ کن کردار کو اجاگر کیا۔
انہوں نے موجودہ دور کو نوجوان شہریوں کے لیے ایک فیصلہ کن مرحلہ قرار دیا اور قوم کی تعمیر میں یہ کہتے ہوئے قیادت سنبھالنے کی اپیل کی کہ نوجوانوں کی قوت اور کامیابیاں ہی ملک کے مستقبل کی سمت متعین کریں گی۔ وزیرِ اعظم نے اختراع، مہارت کے فروغ، تحقیق، انتریپرینیئرشپ اور سماجی ذمہ داری کو قومی ترقی کاکلیدی ستون قرار دیا۔ انہوں نے تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ طلبہ میں قیادت، تخلیقی صلاحیت اور خدمت کے جذبے کو فروغ دیں، ساتھ ہی جدید علم کو ہندوستان کی تہذیبی اقدار کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ طلبہ اور اساتذہ نے اس خطاب کو متاثرکن اور مستقبل بیں قرار دیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ