ڈاکٹر افتخار احمد خان کے انتقال پر اے ایم یو کے شعبہ تاریخ میں تعزیتی جلسہ منعقد
علی گڑھ, 13 جنوری (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ تاریخ کے سابق استاد ڈاکٹر افتخار احمد خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا انتقال گزشتہ 5 جنوری کو علی گڑھ میں ان کی رہائش گاہ پر ہوا۔ ان کی عمر 84 برس تھی۔ مرحوم کو خراجِ
ڈاکٹر افتخار احمد خان کے انتقال پر اے ایم یو کے شعبہ تاریخ میں تعزیتی جلسہ منعقد


علی گڑھ, 13 جنوری (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ تاریخ کے سابق استاد ڈاکٹر افتخار احمد خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ان کا انتقال گزشتہ 5 جنوری کو علی گڑھ میں ان کی رہائش گاہ پر ہوا۔ ان کی عمر 84 برس تھی۔ مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے سینٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈی، شعبہ تاریخ میں تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا۔

تعزیتی قرارداد پڑھتے ہوئے شعبہ کے چیئرمین پروفیسر حسن امام نے کہا کہ ڈاکٹر افتخار احمد خان 2 فروری 1941 کو پیدا ہوئے تھے۔ وہ اے ایم یو کے ممتاز سابق طالب علم تھے اور انہوں نے شعبہ تاریخ سے تاریخ میں بی اے، ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کیں۔ انہوں نے 1983 میں شعبہ اسلامیات، اے ایم یو میں بطور لیکچرر اپنے تدریسی کریئر کا آغاز کیا اور 1985 میں شعبہ تاریخ سے وابستہ ہو ئے۔ وہ فروری 2003 میں شعبہ تاریخ سے بطور ریڈر سبکدوش ہوئے تھے۔

ڈاکٹر خان نے بطور ٹیچر امیدوار ”انیسویں صدی میں ہندوستان اور عرب دنیا کے درمیان تجارت”کے موضوع پر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ ایک نامور محقق کی حیثیت سے انہیں فارسی، اردو، انگریزی، ہندی اور بہاسا ملایو زبانوں پر عبور حاصل تھا۔ وہ نیشنل میرٹ اسکالرشپ اور یو جی سی جونیئر ریسرچ فیلوشپ کے اعزازات سے بھی نوازے گئے۔ دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط تدریسی و تحقیقی تجربے کے ساتھ انہوں نے بالخصوص قرونِ وسطیٰ کے ہندوستان کی بحری تاریخ پر قومی و بین الاقوامی جرائد میں شائع ہونے والے تحقیقی مقالات کے ذریعے نمایاں علمی خدمات انجام دیں۔ ساتھی اساتذہ اور طلبہ نے ڈاکٹر خان کو ایک خوش اخلاق استاد کے طور پر یاد کیا جو علم و تحقیق سے گہری وابستگی رکھتے تھے اور طلبہ کے تئیں شفقت کا رویہ اپناتے تھے۔ شعبہ تاریخ کے موجودہ اساتذہ میں سے کئی ان کے شاگرد رہ چکے ہیں جنہوں نے اپنی علمی زندگی پر ان کے دیرپا اثرات کو یاد کیا۔

شعبہ تاریخ نے ایک جید عالم اور محبوب استاد کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مرحوم کے لواحقین سے دلی تعزیت پیش کی۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande