
جموں, 13 جنوری (ہ س)۔
جموں میں نوکری دلانے کے نام پر 9 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اسپیشل کرائم ونگ (ایس سی ڈبلیو)، کرائم برانچ جموں نے اس سلسلے میں دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ملزمان کی شناخت اجے گپتا اور اس کی اہلیہ انشو گپتا سکنہ لین نمبر-2، سرول جموں کے طور پر کی گئی ہے۔ کرائم برانچ کے مطابق متاثرہ شخص نے شکایت درج کرائی تھی کہ ملزمان نے مناسب نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر اس سے رقم حاصل کی۔
شکایت میں بتایا گیا کہ متاثرہ شخص نے ملزمان کے اعتماد میں آکر مجموعی طور پر 9 لاکھ روپے ادا کیے، جن میں سے 3.50 لاکھ روپے انشو گپتا کے بینک کھاتے میں، 2 لاکھ روپے اجے گپتا کے کھاتے میں منتقل کیے گئے، جبکہ بقیہ 3.50 لاکھ روپے نقد دیے گئے۔
ایس ایس پی ایس سی ڈبلیو جموں سنجے پریہار کے مطابق رقم وصول کرنے کے بعد ملزمان مختلف بہانوں سے نوکری دلانے میں ٹال مٹول کرتے رہے۔ بعد ازاں انہوں نے سیکورٹی کے طور پر 2 لاکھ اور 7 لاکھ روپے کے دو چیک دیے، تاہم بینک میں پیش کرنے پر دونوں چیک باؤنس ہو گئے۔ اس کے باوجود نہ تو نوکری فراہم کی گئی اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان نے ابتدا ہی سے مجرمانہ نیت کے تحت حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا اور شکایت کنندہ کو دھوکے میں رکھ کر اس کی محنت کی کمائی ہڑپ لی۔ پولیس اسٹیشن اسپیشل کرائم ونگ، کرائم برانچ جموں میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ نوکری دلانے کے نام پر کیے جانے والے ایسے جعلی وعدوں اور لالچ سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشتبہ شخص یا ایجنٹ کو رقم دینے سے قبل مکمل جانچ پڑتال ضرور کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر