
حیدرآباد , 13 جنوری (ہ س)۔ تلنگانہ کے صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے عثمانیہ میڈیکل کالج،حیدرآباد میں منعقدہ تقریب کے دوران 1257 نئے منتخب شدہ لیب ٹیکنیشنزکو تقرری نامے فراہم کیے گئے۔ یہ تقررنامے ریاستی وزراء پونم پربھاکراوردامودرراج نرسمہانے تقسیم کیے۔راجیہ سبھا رکن پارلیمان انیل کماریادو،مقامی کارپوریٹرسریکھااوم پرکاش، محکمہ صحت، طب وخاندانی بہبود کی سکریٹری کرسٹینا زیڈ چونگتو اوردیگراعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔ تقریب میں شرکت کرنے والے رہنماؤں نے جدید صحت نظام میں لیب خدمات کی اہمیت پر زوردیا۔وزیر پونّم پربھاکر نے تمام نو منتخب لیب ٹیکنیشنزکوسنکرانتی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ بدلتے وقت کے ساتھ صحت کے شعبے میں تشخیصی جانچ کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں خاص طورپردیہی علاقوں میں علامات کی بنیاد پر علاج کیاجاتاتھا،لیکن اب لیب رپورٹس اورمیڈیکل ٹیسٹس علاج کی بنیاد بن چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرزعلاج کے لیے لیب رپورٹس پرانحصارکرتے ہیں،اس لیے لیب ٹیکنیشنزکوڈاکٹرکی آنکھ اورکان بن کرکام کرناچاہیے۔انہوں نے زوردیا کہ مریضوں کے ساتھ ہمدردی،محبت اور مثبت رویہ اختیارکیاجائے،کیونکہ اچھا برتاؤخود مریض کی تکلیف کوآدھاکم کردیتاہے۔وزیرنے عثمانیہ میڈیکل کالج میں جاری ہاسٹل عمارت کی تعمیر کا ذکرکرتے ہوئے اس کا سہرادامودر راجہ نرسمہا کودیا۔ انہوں نے بتایاکہ گاندھی،عثمانیہ اورکاکتیہ میڈیکل کالجزاورہاسپٹلس میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام انجام دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے حلقہ حسن آباد کے بارے میں بتایا کہ وہاں 250 بستروں پر مشتمل ہاسپٹل کی تعمیردامودرراج نرسمہا کے تعاون سے جاری ہے۔ علاقے میں ڈائیلاسس کے مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حسن آباد کو پلاسٹک فری حلقہ بنانے کے لیے 280 خواتین سیلف ہیلپ گروپس کو اسٹیل بینکس اور 500 سے زائد ہوٹلوں کو شیشے کے گلاس تقسیم کیے گئے ہیں، تاکہ پلاسٹک کے استعمال میں کمی آئے اور کینسر سے متعلق بیماریوں کی روک تھام ممکن ہو۔تقریب کے اختتام پراس امید کااظہارکیاگیا کہ 1257 لیب ٹیکنیشنزکی تقرری سے ریاست بھر کے سرکاری ہاسپٹلوں میں تشخیصی سہولیات، علاج کی درستگی اور مریضوں کی دیکھ بھال میں نمایاں بہتری آئے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق