
قانون کے دائرہ میں رہ کر غیر قانونی مارکیٹ کو ہٹانے کی کارروائی کی جائے گی: ڈاکٹر اجے کمار سنگھدیوبند، 10 جنوری (ہ س )۔سہارنپور میں نگر نگم نے تجاوزات کے خلاف سخت قدم اٹھایا ہے ۔شہر کے میئر ڈاکٹر اجے کمار سنگھ نے نہر و مارکیٹ سے ملحق 50سالہ پرانی تبتی مارکیٹ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کو ہٹائے جانے کے احکامات دیئے ہیں ۔واضح ہوکہ اس تبتی مارکیٹ میں تقریباً 78دکانیں ہیں جن کے تجاوزات سڑک تک پھیل چکے ہیں اس کی وجہ سے آمد ورفت کا نظام متاثر ہورہا ہے ۔اس کے علاوہ اس مارکیٹ کے آس پاس کے تاجروں کی تجارت بھی متاثر ہورہی ہے ۔شہر کے میئر ڈاکٹر اجے کمار نے واضح کیا کہ یہ تبتی مارکیٹ کوئی قانونی مارکیٹ نہیں ہے بلکہ اس مارکیٹ کے دکانداروں نے غیر قانونی طریقہ سے قبضہ کرکے پختہ دکانیں تعمیر کرلی ہیں ،انہوں نے بتایا کہ ان دکانداروں کو یہاں سے ہٹ جانے کا پہلے ہی وقت دیا جاچکا تھا لیکن انہوں نے کسی قسم کا تعاون نہیں کیا اس لئے اب نگر نگم بلڈوزر کی مدد سے ان تجاوزات کو ختم کرنے کی کارروائی کرنے جارہا ہے ۔ڈاکٹر اجے کمار نے گفتگو کے دوران اشارةً کہا کہ نگر نگم قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے کارروائی کرے گا اور کسی بھی طرح کی سفارش یا دباﺅ کو قبول نہیں کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ یہ قدم شہر میں صفائی ستھرائی رکھنے ،ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور قانونی تجارت کو محفوظ رکھنے کے لئے اٹھایا گیا ہے ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais