
جموں, 8 دسمبر (ہ س)عوامی مسائل کے بروقت اور موثر ازالے کے مقصد سے وزیر برائے فوڈ، سول سپلائز و کنزیومر افیئرز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ، اور یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس ستیش شرما نے کھوڑ میں ایک عوامی دربار ، شکایات رَسط کیمپ منعقد کیا، جس میں مقامی لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔
کیمپ نے شہریوں کو اپنے مسائل، مطالبات اور روزمرہ مشکلات سے متعلق شکایات براہِ راست حکومت تک پہنچانے کا اہم ذریعہ فراہم کیا۔ شرکاء نے راشن تقسیم، ٹرانسپورٹ سہولیات، سڑک رابطہ، پینے کے پانی کی قلت، نوجوانوں سے متعلق ڈھانچے، ڈیجیٹل خدمات اور مقامی ترقی میں رکاوٹوں کے امور اٹھائے۔
اس موقع پر فوڈ ، ٹرانسپورٹ، آئی ٹی، پی ایچ ای، پی ڈبلیو ڈی، پی ڈی ڈی، دیہی ترقی، ریونیو، زراعت، باغبانی، سماجی بہبود، مویشی پروری، تعلیم اور یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کے سیکٹورل افسران تازہ ترین ریکارڈ اور فیلڈ رپورٹس کے ساتھ موجود تھے، جس سے متعدد مسائل کا موقع پر ہی ازالہ ممکن ہوا۔
عوامی شکایات کے تفصیلی جائزے کے دوران وزیر نے افسران کو ہدایت دی کہ اُن تمام معاملات کا ترجیحی بنیادوں پر اور مقررہ مدت کے اندر حل یقینی بنایا جائے جن کا تعلق براہِ راست عوامی فلاح و سہولت سے ہے۔ انہوں نے فیلڈ افسران کے ساتھ موثر رابطہ، باقاعدہ فالو اَپ اور عوامی خدمات کی مسلسل نگرانی پر زور دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ محکموں کے درمیان بہتر ہم آہنگی اور سرکاری دفاتر کی مقامی سطح پر فعالیت و شفافیت کو بڑھانا وقت کی ضرورت ہے، جبکہ عوامی مسائل کے حل میں تاخیر قطعی برداشت نہیں کی جائے گی، خصوصاً سرحدی و دیہی علاقوں میں۔
ستیش شرما نے مختلف وفود، مقامی نمائندوں اور سماجی کارکنان سے بھی ملاقات کی جنہوں نے مختلف محکمہ جاتی چیلنجز اور ترقیاتی ضروریات سے آگاہ کیا۔ وزیر نے یقین دلایا کہ تمام امور کو متعلقہ سطحوں پر لے جایا جائے گا اور مرحلہ وار انداز میں حل کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت کے اے ایس امیدواروں کے مسائل، ایس او-12 کے تحت روزگار کا مطالبہ کرنے والے کھلاڑیوں اور دیگر عوامی فلاحی معاملات کے حل کے لیے پوری طرح سنجیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے مسائل سے حکومت مکمل طور پر آگاہ ہے اور سرحدی سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جس سے اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع جنم لیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر