
جموں, 7 دسمبر (ہ س)۔ ضلع ڈوڈہ کے کاستی گڑھ علاقے میں اتوار کی صبح ریچھ کے دو الگ الگ حملوں میں ایک خاتون اور گاؤں کا نمبردار زخمی ہوگئے، جبکہ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔تفصیلات کے مطابق پہلا واقعہ کاستی گڑھ بی پنچایت میں اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون مویشیوں کے ہمراہ گھر کے نزدیک گئی تھی۔ اسی دوران جھاڑیوں میں چھپے ریچھ نے اچانک اس پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی۔ خاتون کی چیخ و پکار سن کر مقامی افراد موقع پر پہنچے اور اسے فوری طور پر جی ایم سی ڈوڈہ منتقل کیا، جہاں حالت تشویشناک ہونے پر اسے مزید علاج کے لیے جموں ریفر کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد محکمہ وائلڈ لائف، پولیس اور گاؤں کے نمبردار پر مشتمل ایک ٹیم جائے وقوعہ کا معائنہ کر رہی تھی کہ اسی دوران وہیں موجود ریچھ نے دوبارہ حملہ کرتے ہوئے نمبردار کو زخمی کر دیا۔ اچانک حملے کے باعث ریسکیو آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا اور زخمی نمبردار کو جی ایم سی ڈوڈہ پہنچایا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
مقامی لوگوں نے ضلعی انتظامیہ ڈوڈہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جنگلی جانوروں کو فوری طور پر رہائشی علاقوں سے دور منتقل کیا جائے، کیونکہ یہ آئے روز انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ سال 2023 کے دوران ریچھ کے متعدد حملوں میں ایک شخص جاں بحق جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر