
بھوپال، 07 دسمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید اور ماحول دوست بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم اٹھایا جا رہا ہے۔ پہلی بار یہاں الیکٹرک انٹرسٹی بس سروس شروع ہونے جا رہی ہے۔ ”امرت مشن“ کے تحت شہر کو 22 نئی الیکٹرک بسیں ملی ہیں، جنہیں ریاست کے اہم راستوں اندور، اجین اور ساگر پر چلایا جائے گا۔ یہ پہل اب مسافروں کی سہولت بڑھانے کے ساتھ ہی ریاست میں ”گرین موبلیٹی“ کی توسیع کو بھی نئی رفتار دے گی۔
دراصل اس سلسلے میں موصول معلومات کے مطابق شہر میں کچھ وقت سے ڈیزل اور سی این جی بسوں کی سروس سے متعلق شکایتیں، بار بار آنے والے ”مینٹیننس“ کے مسئلے اور بڑھتے ”آپریشنل“ خرچ کے سبب الیکٹرک ماڈل پر فوکس بڑھایا گیا ہے۔ انتظامیہ کا ماننا ہے کہ الیکٹرک بسیں کم لاگت، بہتر کارکردگی، کم آلودگی اور آسان آپریشن کا بہتر متبادل ثابت ہوں گی۔ نئے نظام کے تحت، بسوں کا انتظام کرنے والی ”آپریٹنگ ایجنسی“ خود آئی ایس بی ٹی اور حلال پور بس ڈپو میں چارجنگ اسٹیشن قائم کرے گی۔ اس سے بلا رکاوٹ چارجنگ کی سہولت دستیاب ہوگی اور بسوں کے آپریشن میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہیں آئے گی۔ چارجنگ انفراسٹرکچر کے مضبوط ہونے سے مستقبل میں الیکٹرک بسوں کی تعداد بڑھانے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
مجوزہ الیکٹرک بسوں کی روٹ وار تقسیم کچھ اس طرح سے رہے گی، اندور روٹ کے لیے 12 الیکٹرک بسیں، اجین کے لیے 6 بسیں، ساگر روٹ کے لیے 4 الیکٹرک بسیں۔ ان بسوں کے چلنے سے بھوپال سے ان تینوں شہروں تک کا سفر اور بھی آرام دہ اور ماحول دوست ہوگا۔ افسران کا کہنا ہے کہ الیکٹرک انٹرسٹی سروس کے شروع ہونے سے ریاست میں صاف ستھرے ٹرانسپورٹ کو فروغ ملے گا اور لمبے روٹ پر الیکٹرک تکنیک کی اعتباریت کا تجربہ بھی ہو سکے گا۔
مسافروں کی سہولیات کے مد نظر ان نئی بسوں میں آرام دہ سیٹنگ، جی پی ایس سسٹم، پینک بٹن، بہتر سسپنشن اور پوری طرح ایئر کنڈیشنڈ کیبن جیسی جدید سہولیات دستیاب کرائی جائیں گی۔ ماحولیاتی ماہرین نے بھی اس قدم کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے شہری آلودگی میں کمی لانے کی سمت میں اہم پہل بتایا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سبھی 22 بسوں کو جانچ کے بعد مرحلہ وار طریقے سے روٹ پر اتارا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں بسوں کی ٹائمنگ، کرایہ کا ڈھانچہ اور آپریشن ماڈل کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انتظامیہ کا ہدف ہے کہ یہ سروس آنے والے کچھ ہفتوں میں شروع کر دی جائے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن