
جموں، 7 دسمبر(ہ س)۔
ضلع رام بن کے چندر کوٹ بغلیہاڑ ڈیم کی ڈیسلٹنگ مہم تیزی سے جاری ہے، جس کے تحت ذخیرے میں جمع شدہ پانی، سِلٹ اور لکڑی کے ملبے کے اخراج کے لیے ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے گئے ہیں۔ یہ کارروائی بغلیہاڑ ہائیڈرو الیکٹرک پاور پروجیکٹ کی سالانہ دیکھ ریکھ اور ذخیرہ گاہ کی استعداد بڑھانے کے سلسلے میں عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ بلا تعطل برقرار رہے۔
گیٹ کھولنے کے بعد بڑی مقدار میں گدلا پانی، اور لکڑی کا ملبہ تیزی کے ساتھ دریائے چناب میں خارج ہوتے دیکھا گیا، جو عرصہ دراز سے جمع ہونے والی سِلٹ کی واضح نشاندہی کرتا ہے۔ حکام کے مطابق یہ عمل ڈیم کی کارکردگی میں بہتری، حفاظتی نظام کو مضبوط بنانے اور برسات کے موسم سے قبل کسی ممکنہ رکاوٹ کے خطرے کو کم کرنے کے لیے ضروری تھا۔
جے کے پی ڈی سی، چندرکوٹ کے افسران نے بتایا کہ ڈیسلٹنگ کا عمل اتوار کی صبح تقریباً 9 بجکر 30 منٹ پر شروع کیا گیا، جس کے بعد بغلیہاڑ پاور پروجیکٹ میں بجلی کی پیداوار عارضی طور پر روک دی گئی۔
دریائے چناب کے کناروں پر رہائش پذیر شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ زائد پانی کے اچانک اخراج کے پیش نظر احتیاط برتیں اور دریا کے نزدیک جانے سے گریز کریں۔ انتظامیہ نے بتایا کہ متعلقہ محکمے پوری صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور کارروائی کی محفوظ تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ طور پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر