
مغربی بنگال میں ایس آئی آر کے تحت 50 لاکھ سے زیادہ نام کٹنے کا خدشہ
کولکاتا، 6 دسمبر (ہ س)۔ ریاست میں چل رہے ووٹر فہرستوں کی خصوصی جامع نظر ثانی یعنی ایس آئی آر کے دوران ڈرافٹ ووٹر لسٹ سے بڑی تعداد میں نام ہٹنے کا امکان بن رہا ہے۔ کمیشن کے مطابق جمعہ کی رات تک کل 54 لاکھ 59 ہزار 541 ناموں کے باہر ہونے کا ابتدائی اندازہ ملا ہے۔ ان میں 23 لاکھ 71 ہزار 239 ووٹر مردہ پائے گئے ہیں۔ باقی ووٹروں کا یا تو پتہ نہیں چل سکا ہے یا وہ نقل مکانی کر چکے ہیں یا کمیشن کی جانچ میں ’فرضی‘ نکلے ہیں۔
ادھر، قومی الیکشن کمیشن نے ریاست میں 2 نئے افسران کی تقرری کی ہے۔ جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر کے عہدے پر بندنا پوکھریال اور دیویا مروگیشن کو تعینات کیا گیا ہے۔ بندنا پہلے ہاوڑہ میونسپل کارپوریشن کی کمشنر تھیں، جبکہ دیویا ہاوڑہ کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے عہدے پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔
کمیشن کے مطابق بی ایل او گھر گھر فارم تقسیم کرنے کے دوران جو جانکاری لا رہے ہیں، اسی کی بنیاد پر یہ اعداد و شمار تیار ہوا ہے۔ تمام اینیومریشن فارم جمع ہونے کے بعد ہی حتمی تعداد واضح ہوگی اور امکان ہے کہ ہٹنے والے ناموں کی تعداد اس سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔ مردہ ووٹروں کے علاوہ کئی ایسے ووٹر بھی فہرست میں ہیں جن کا نام ایک سے زیادہ جگہ درج ہے، کئی نقل مکانی کر چکے ہیں اور کئی لمبے وقت سے لاپتہ ہیں۔
ریاست میں 4 نومبر سے گھر گھر اینیومریشن فارم تقسیم کرنے کا کام جاری ہے اور 11 دسمبر فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ ہے۔ کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق مغربی بنگال میں کل ووٹروں کی تعداد 7 کروڑ 66 لاکھ 37 ہزار 529 ہے۔ 27 اکتوبر 2025 کی لسٹ سے کل کتنے نام ہٹیں گے، اس کا حتمی پتہ ڈرافٹ فہرست شائع ہونے کے بعد ہی چلے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن