
لکھنؤ، 6 دسمبر (ہ س)۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے ریاستی صدر وشوناتھ پال نے ہفتہ کو کہا کہ ہم سب نے یہ عزم لیا ہے کہ2027 کے اسمبلی انتخابات میں بہن مایاوتی کو وزیر اعلی بنائیں گے۔
بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راو امبیڈکر کے مہاپری نروان دیوس کے موقع پر بی ایس پی نے ہفتہ کو امبیڈکر پارک میں ایک خراج عقیدت کے جلسے کا اہتمام کیا۔ بندیل کھنڈ، اودھ، اور پوروانچل کے اضلاع سے 12 ڈویژنوں کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔ بی ایس پی کے ریاستی صدر اور پارٹی کے سرکردہ ارکان نے یادگاری مقام پر بابا صاحب کے قدموں پر پھول چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
اس خاص موقع پر ریاستی صدر نے کہا کہ ہم سب بہن مایاوتی کی ہدایت پر آج یہاں جمع ہوئے ہیں۔ سبھی نے یہ عزم کیا کہ اتر پردیش میں 2027 کے اسمبلی انتخابات میں بہن مایاوتی کو وزیر اعلیٰ بنائین گے۔ اس دوران انہوں نے بی جے پی اور ایس پی کی طرف سے منعقد کئے گئے خراج عقیدت کے جلسوں پر بھی سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کے پروگرام محض رسمی اور ڈرامہ ہیں، جب کہ بی ایس پی سماج اور آئین کے اقدارکو زمین پر نافذ کرنے میں یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست کے 12 ڈویژنوں سے کارکنوں کی موجودگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ آنے والے انتخابات میں بی ایس پی مضبوط دعویٰ پیش کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد