
کٹھوعہ انتظامیہ نے معذور مستفیدین میں نرمایا ہیلتھ کارڈز تقسیم کیے
جموں، 6 دسمبر (ہ س)۔ ضلع انتظامیہ کٹھوعہ نے ڈپٹی کمشنر راجیش شرما کی سرپرستی میں ضلع کے 23 ذہنی طور پر معذور مستفیدین میں نرمایا ہیلتھ کارڈز تقسیم کیے، جس کا مقصد خصوصی ضرورتوں کے حامل افراد کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مستحقین سے تبادلۂ خیال کیا، انہیں اسکیم کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ معاشرے کے ہر طبقے کی فلاح کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
نرمایا اسکیم آٹزم، سیریبرل پالسی، ذہنی معذوری اور متعدد معذوریوں سے متاثرہ افراد کے لیے ہیلتھ انشورنس کور فراہم کرتی ہے۔ ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر کٹھوعہ ورون چوہدری نے بتایا کہ اسکیم کے تحت او پی ڈی علاج، ادویات، تشخیصی ٹیسٹ، باقاعدہ طبی معائنے، حفاظتی ڈینٹل خدمات، معذوری کے بڑھنے کو روکنے کے لیے ضروری جراحی عمل، اسپتال میں داخلہ، غیر جراحی علاج، معذوری کے نظم و نسق کے لیے مستقل تھراپی، متبادل طب اور طبی نگہداشت سے متعلق سفری اخراجات جیسی جامع سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر