
جموں, 6 دسمبر (ہ س)۔
مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتارمن نے ہفتہ کو جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سیاحت کو پہنچنے والے شدید نقصان کے بعد خطے کی معیشت کی بحالی میں غیر معمولی سنجیدگی اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔
ہندستان ٹائمز لیڈرشپ سمٹ میں ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ 2019 کے بعد بھارت کو متعدد عالمی و داخلی چیلنجوں کا سامنا رہا، تاہم اس کے باوجود جموں و کشمیر کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے ٹھوس اور مربوط اقدامات کیے گئے۔
انہوں نے بغیر پاکستان کا نام لیے کہا کہ بھارت کو سرحدی علاقوں میں ریاستی اور غیر ریاستی عناصر کی جانب سے مسلسل مسائل کا سامنا رہا ہے، اور اسی پس منظر میں جموں و کشمیر بھی متاثر ہوا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کی معیشت کا تفصیلی جائزہ لے کر ضروری رکاوٹوں کو دور کیا اور اس کی بحالی کے لیے بھرپور کوششیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ جے اینڈ کے بینک کی بحالی ملک کے لیے ایک قابلِ فخر مثال ہے، اور ریاست کی معیشت نے نمایاں بہتری دکھائی تھی، تاہم بیرونی عوامل کے باعث اسے دوبارہ بڑا دھچکا لگا، جس سے سیاحت مکمل طور پر متاثر ہوئی۔
سیتارامن نے کہا کہ مجھے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ کی تعریف کرنی چاہیے، جو مجھ سے دو مرتبہ ملے اور سیاحت کے تعطل کے بعد معیشت کی بحالی پر پوری توجہ دے رہے ہیں۔ یہ اشارہ 22 اپریل کے اس حملے کی طرف تھا جس میں پاکستانی دہشت گردوں نے پہلگام میں 26 افراد کو ہلاک کر دیا تھا، جن میں زیادہ تر سیاح شامل تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر