ممبئی میں عشرۂ اردو کی اختتامی شاندار تقریب تزک و احتشام سے منعقد
ممبئی میں عشرۂ اردو کی اختتامی شاندار تقریب تزک و احتشام سے منعقد ممبئی، 5 دسمبر(ہ س )۔ اردو کارواں کی جانب سے عشرۂ اردو کی اختتامی و تہنیتی تقریب جمعہ کو خلافت ہاؤس، بائیکلہ کے مولانا محمد علی جوہر ہال میں پُروقار انداز میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ش
ممبئی میں عشرۂ اردو کی اختتامی شاندار تقریب تزک و احتشام سے منعقد


ممبئی میں عشرۂ اردو کی اختتامی شاندار تقریب تزک و احتشام سے منعقد ممبئی، 5 دسمبر(ہ س )۔ اردو کارواں کی جانب سے عشرۂ اردو کی اختتامی و تہنیتی تقریب جمعہ کو خلافت ہاؤس، بائیکلہ کے مولانا محمد علی جوہر ہال میں پُروقار انداز میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں شہر و ریاست کی ممتاز علمی، ادبی اور سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں نوجوان طلبہ نے شرکت کی۔ صدارت آل انڈیا خلافت کمیٹی کے چیئرمین سرفراز آرزو نے کی، جب کہ مہمانِ خصوصی رکنِ اسمبلی رئیس قاسم شیخ تھے۔ اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکادمی کے ورکنگ پریزیڈنٹ سید حسین اختر، عبدالکریم سالار، ڈاکٹر مسرت فردوس اور شیخ محمد ابرار بھی مہمانانِ گرامی میں شامل تھے۔پہلے سیشن میں ’’مہاراشٹر میں اردو کی ترقی میں مراٹھی معاشرت کے کردار‘‘ کے عنوان پر تفصیلی مذاکرہ ہوا۔ اردو کارواں کے صدر فرید احمد خان نے تاریخی حوالوں کے ساتھ اس باہمی لسانی رشتے کی وضاحت کی اور کہا کہ مراٹھی معاشرت نے ہمیشہ اردو کی نشوونما میں مثبت اور ہم آہنگ کردار ادا کیا ہے۔ حسین اختر نے دونوں زبانوں کی گنگا جمنی روایت کو مہاراشٹر کی سماجی بنیاد قرار دیا، جب کہ سرفراز آرزو نے اس موضوع کو نئی نسل تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ رئیس قاسم شیخ نے اپنی تقریر میں اردو کی ہمہ گیر اہمیت اور معاشرتی کردار پر روشنی ڈالی۔دوسرے سیشن میں عشرۂ اردو کے دوران مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو اعزازات اور اسناد سے نوازا گیا۔ طلبہ کی کامیابیوں کو مہمانوں نے اردو کے تابناک مستقبل کی علامت قرار دیا۔ مہمانانِ خصوصی نے اردو کارواں کی نو سالہ خدمات، ادبی سرگرمیوں کے فروغ اور نئی نسل میں زبان کے شعور کو اجاگر کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کی بھرپور ستائش کی۔ بتایا گیا کہ امسال عشرۂ اردو کے مقابلوں میں تیس کالجوں کے تین ہزار سے زائد طلبہ کی شرکت نے اسے غیر معمولی کامیابی سے ہمکنار کیا۔تقریب کے اختتام پر صدر اردو کارواں اور ان کی ٹیم نے تمام مہمانوں، مقررین، منصفین اور معاون اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ادارہ آئندہ بھی اسی جوش و خروش کے ساتھ علمی و سماجی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ہندوستھان سماچار--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande