
پروفیسر معراج احمد اے ایم یو کے شعبہ ہندی کے چیئرمین مقرر
علی گرھ، 5 دسمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ ہندی کے فیکلٹی ممبر پروفیسر معراج احمد 6 دسمبر 2025 سے اپنی سبکدوشی کی تاریخ 24 فروری 2028 تک کے لئے شعبہ کے نئے چیئرمین ہوں گے۔ پروفیسر معراج احمد تین دہائیوں پر مشتمل شاندار علمی کریئر کے حامل سینئر فیکلٹی ممبر ہیں۔ وہ تقسیم ہند کے ادب، تقابلی ادبی مطالعات اور عصری ہندی فکشن کے ممتاز ماہر ہیں اور ہندی، اردو اور پنجابی کے ادبی مباحث میں نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ سات کتابوں کے مصنف ہیں، جبکہ ان کے 70 سے زائد تحقیقی مضامین مؤقر جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔
انہوں نے آفتاب ہال کے پرووسٹ سمیت مختلف علمی پروگراموں کے کوآرڈینیٹر، اور اکیڈمک کونسل و اے ایم یو کورٹ جیسے اداروں کے رکن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہیں۔ وہ خواجہ معین الدین چشتی لینگویج یونیورسٹی، لکھنؤ کی ایگزیکیٹیو کونسل کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ علمی و ادبی دنیا میں ان کی خدمات وسیع پیمانے پر تسلیم کی جاتی ہیں۔ وہ قومی سطح کے ریفریشر کورسز میں خطبات دے چکے ہیں اور متعدد قومی و بین الاقوامی سیمینارمیں تحقیقی مقالے پیش کر چکے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ