
نئی دہلی، 5 دسمبر(ہ س)۔عالمی یونانی میڈیسن ڈے کے انٹرنیشنل کنوینر ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے جاری بیان میں کہا کہ ہر سال کی طرح حسب روایت 12 فروری 2026 کا یادگار مجلہ ’عالمی یوم یونانی میڈیسن‘ معروف استاد اے اینڈ یو طبیہ کالج، قرول باغ، نئی دہلی سے وابستہ رہ چکے پروفیسر (حکیم) ایف آر شرر مصباحی کی حیات و خدمات پر مشتمل ہوگا۔ اس کی مجلس ادارت میں پروفیسر مشتاق احمد، ڈاکٹر خورشید احمد شفقت اعظمی، ڈاکٹر وسیم احمد اعظمی، ڈاکٹر سیّد احمد خاں اور ڈاکٹر جمال احمد مبارکپوری کو شامل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر سیّد احمد خاں نے کہا کہ اس کا اجرا 12 فروری 2026 کو لکھنو¿ میں مجوزہ یونانی ڈاکٹروں کے کنونشن میں عمل میں آئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم خاص طور سے بھارت میں طب یونانی کے استحکام کے مقصد سے 18 اگست 2010 کو اس وقت کی سکریٹری آیوش محترمہ جیلجا (آئی اے ایس) کی صدارت میں ہوئے فیصلے کی روشنی میں گزشتہ 2011 سے تسلسل کے ساتھ 12 فروری کو ’عالمی یونانی میڈیسن ڈے‘ کا اہتمام کر رہے ہیں اور یہ امر خوش آئند ہے کہ اس کا اثر دنیا بھر میں مثبت طور پر محسوس کیا جارہا ہے۔ واضح ہو کہ حکیم اجمل خاں کے یوم پیدائش 12 فروری کی مناسبت سے عالمی یونانی میڈیسن ڈے منایا جاتا ہے اور یہ امر بھی باعث صد مسرت ہے کہ ممتاز مجاہد آزادی مسیح الملک حکیم اجمل خاں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی جانب سے بھی گزشتہ برسوں سے ان کے یوم پیدائش پر نیشنل یونانی ڈے کا اہتمام کیا جانے لگا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan