
بھوپال، 5 دسمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش اردو اکادمی، محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، کٹنی کے ذریعے ’’سلسلہ‘‘ کے تحت شعری و ادبی نشست کا انعقاد 6 دسمبر کو دوپہر دو بجے سے سوتنترتا سنگرام سینانی آڈیٹوریم، کٹنی میں ضلع کوآرڈینیٹر مقصود نیازی کے تعاون سے کیا جائے گا۔
اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے ذریعے اپنے ضلع کوآرڈینیٹرس کے تعاون سے ’’سلسلہ‘‘ کے تحت ریاست کے سبھی اضلاع میں شعری و ادبی نشستیں منعقد کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے کا اگلا پروگرام 6 دسمبر کو کٹنی میں منعقد ہورہا ہے جس میں کٹنی ضلع کے ماتحت آنے والے سبھی گاؤوں، تحصیلوں اور بستیوں کے ایسے سینئر شعرا و ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے جنہیں اکادمی کے اسٹیج پر پیش کش کا موقع بہت کم ملا ہے۔
کٹنی ضلع کے کوآرڈینیٹر مقصود نیازی نے بتایا کہ منعقدہ پروگرام میں سلسلہ کے تحت دوپہر دو بجے شعری و ادبی نشست کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس نشست میں جو شعرا اور ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے ان میں خصوصی مقرر کے طور پر کٹنی کے سینئر شاعر رام نریش ودھیارتھی کا نام شامل ہے اور مقامی شعراء و ادبا میں گھنشیام بیلانی گلاب، اجے ترپاٹھی، پرمود بھٹ نیلانچل، راکیش گرگ، انل مشر، شرد جائسوال، وشنو واجپئی، محمد شفیق، سدھا گپتا، شردھانجلی شکلا، رچا یگیش، شبینہ فتح، اوشا پانڈے، ڈاکٹر سنتوش راجپال، ڈاکٹر راجیش شریواستو ’’پرکھر‘‘ کے نام شامل ہیں۔
سلسلہ ادبی و شعری نشست کی نظامت کے فرائض مقصود نیازی انجام دیں گے۔ ڈاکٹر نصرت مہدی نے کٹنی کے تمام محبان ادب سے پروگرام میں شرکت کی درخواست کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن