
نئی دہلی،05دسمبر(ہ س)۔ گزشتہ دنوں گوکلپوری کے علاقے میں نام نہاد نفرت پھیلانے والے ’گﺅ رکشک دل‘ کے کچھ نوجوانوں نے قانون کو اپنے ہاتھ میں لیا اور مذہب کے نام پر قابلِ اعتراض الفاظ استعمال کرتے ہوئے چند غریب دکانداروں کو دھمکایا، مارا پیٹا، ان کا سامان پھینک دیا اور زبردستی ان کی دکانیں بند کروا دیں۔ ان لوگوں نے ایک ویڈیو بھی بنائی تھی جو پورے ملک میں نفرت پھیلانے کا کام کر رہی تھی۔اس نفرت کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے، دہلی کی شمع ایجوکیشنل اینڈ پولی ٹیکنیک سوسائٹی اور دہلی بھائی چارہ امن کمیٹی کے ممبران کی جانب سے شمال مشرقی ضلع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، سندیپ لامباکے پاس ایک شکایت درج کرائی گئی تھی۔سوسائٹی کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد فہیم بیگ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ نفرت پھیلانے کے اس واقعے کے بعد دہلی پولیس حرکت میں آئی اور ان نام نہاد 'گو¿ رکشک دل' کے غنڈوں کی نفرت کو روکنے کے لیے دہلی پولیس کی جانب سے بی این ایس196/299/3(5)دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔ہم دہلی پولیس کے بہت شکر گزار ہیں کہ انہوں نے بروقت ان بدمعاشوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا۔ ڈاکٹر بیگ نے کہا کہ ہماری تنظیم ہمیشہ نفرت کے خلاف ہے۔چاہے اس کا تعلق کسی بھی مذہب، ذات، گروہ یا شخص سے ہو۔ ہم اس کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے اور نفرت کو ختم کر کے محبت پھیلاتے رہیں گے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan