
علی گڑھ, 5 دسمبر (ہ س)۔
احمدی اسکول کے طلبہ نے معذور افراد کے بین الاقوامی دن کے موقع پر آگرہ کا ایک روزہ تعلیمی دورہ کیاجس کا مقصد طلبہ کو کلاس روم سے باہر ایک بامعنی تعلیمی تجربہ فراہم کرنا اور انہیں ہندوستان کی ثقافتی و تاریخی وراثت سے قریب تر لانا تھا۔
طلبہ نے تاج محل، آگرہ قلعہ اور اکبر کے مقبرے جیسے تین اہم تاریخی مقامات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شاندار تعمیرات، ان کی خوبصورتی اور تاریخی اہمیت سے آگہی حاصل کی۔ اساتذہ کی رہنمائی میں تفصیلی وضاحتوں نے طلبہ کو ماحول سے وابستگی کا موقع فراہم کیا۔ پورے سفر کے دوران طلبہ کے آرام اور حفاظت کا خاص خیال رکھا گیااور اساتذہ اور عملے کے اراکین نے ہر مقام پر مستقل تعاون کرتے ہوئے ان کے مجموعی تجربے کو خوشگوار بنایا۔
اسکول کی پرنسپل ڈاکٹر نائلہ راشد نے طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے ایسے تعلیمی و تربیتی پروگراموں کی حوصلہ افزائی کی، اور اس دورے کی منصوبہ بندی میں رہنمائی کی۔ انھوں نے دورے میں تعاون کے لئے ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن اور ممبر انچارج، سی اے ڈبلیو کا بھی شکریہ ادا کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ