
علی گڑھ, 31 دسمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فلسفہ نے اپنے ڈائیلاگ فورم کے تحت سماجی خدمت کی سرگرمیوں کے حصے کے طور پر ضروت مندوں میں موسمِ سرما کے کپڑے تقسیم کئے جس میں اساتذہ، ریسرچ اسکالرز اور طلبہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور مستحق طبقات کی مدد کے لیے دل کھول کر تعاون کیا۔ مہم کے دوران مردوں اور خواتین کے لیے موسمِ سرما کے کپڑے بشمول شرٹس، پتلون اور سویٹر جمع کیے گئے اور علی گڑھ کے شمشاد مارکیٹ علاقے میں ضرورت مند افراد میں تقسیم کیے گئے۔ اس مہم کو ڈاکٹر زید احمد صدیقی، ڈاکٹر حنا مشتاق اور ڈاکٹر محمد آزاد نے مربوط کیا، جبکہ تقسیم کے موقع پر ڈاکٹر عقیل احمد، ڈاکٹر بودھندر کمار، ڈاکٹر شاہدالحق اور ڈاکٹر سلمان صدیق سمیت شعبے کے اساتذہ موجود رہے۔ ریسرچ اسکالرز اور طلبہ نے پروگرام کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا۔ اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے شعبہ فلسفہ کے سربراہ ڈاکٹر عامر ریاض نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ضرورت مند افراد کے لیے تعاون جاری رکھیں اور اے ایم یو کی خدمت اور سماجی ذمہ داری کی اقدار کو برقرار رکھیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ