
علی گڑھ, 31 دسمبر (ہ س)۔ ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج میں الومنائی میٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق طلبہ، اساتذہ اور موجودہ طلبہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر تعلیمی وراثت کا جشن منایا گیا اور مستقبل کے عزائم پر تبادلہ خیال ہوا۔ آرگنائزنگ چیئرپرسن پروفیسر شائستہ افروز نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور مادرِ علمی سے سابق طلبہ کے دیرینہ تعلق پر اظہارِ تشکر کیا۔
فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد نے خطاب کرتے ہوئے ادارے کی ترقی میں سابق طلبہ کے اہم کردار، پیشہ ورانہ نیٹ ورکنگ اور باہمی اشتراک و تعاون پر زور دیا۔
جے این میڈیکل کالج کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر نیر آصف نے سابق طلبہ کی خدمات کو سراہا جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر یونیورسٹی کی ساکھ بلند کی ہے۔ ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری نے حالیہ تعلیمی پیش رفت، بنیادی ڈھانچہ میں بہتری اور آئندہ منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر الومنئی ڈائریکٹری کا اجرا بھی کیا۔ سبکدوش اساتذہ پروفیسر ایس ایس احمد اور پروفیسر افشاں بے کو ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں تہنیت پیش کی گئی۔
پروگرام کی نظامت ڈاکٹر امینہ اور ڈاکٹر شارق نے کی، جس کے بعد ایک انٹرایکٹیو سیشن ہوا جس میں انڈرگریجویٹ نمائندگان زینب اور کلثوم نے سابق طلبہ سے کریئر اور پیشہ ورانہ امور پر سوالات کیے۔ سابق طلبہ ڈاکٹر محمد مسعود، ڈاکٹر یغمیٰ مسعود، ڈاکٹر نبیل خان، ڈاکٹر سارہ آصف، ڈاکٹر سارہ نیازی، ڈاکٹر سمیہ عرفان، ڈاکٹر اریبہ، ڈاکٹر نوید، ڈاکٹر رادھیکا، ڈاکٹر جاوید، ڈاکٹر راشد، ڈاکٹر اخلاق اور ڈاکٹر جنید نے پوسٹ گریجویٹ مواقع، کلینیکل پریکٹس اور عالمی کریئر امکانات کے سلسلہ میں قیمتی رہنمائی فراہم کی۔
لاجسٹکس اور مہمان نوازی کی ذمہ داریاں ڈاکٹر صبا خان، ڈاکٹر حما افتخار اور ڈاکٹر ناصر صلاتی نے سنبھالیں، جبکہ آن لائن شرکاء کے لیے لائیو نشریات کا کوآرڈینیشن ڈاکٹر فائزہ، ڈاکٹر ایشوریہ اور ڈاکٹر انوپریہ نے کیا۔ ڈاکٹرتابش الرحمٰن نے اظہارِ تشکر کیا۔
آخر میں پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری نے انتظامی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے موجودہ طلبہ، اساتذہ اور سابق طلبہ کے درمیان مضبوط رابطے اور مشترکہ ترقی کے لیے الومنائی ایسوسی ایشن کے قیام کی تجویز پیش کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ