
علی گڑھ، 31 دسمبر(ہ س)۔
راجہ مہندر پرتاپ سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول میں سال 2025 کے دوران کھیلوں کی سرگرمیاں نمایاں رہیں، جہاں طلبہ نے مختلف مقابلوں میں اپنی صلاحیت اور مسابقتی جذبے کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ اسکول میں منعقدہ مقابلوں اور انٹر اسکول مقابلوں میں شرکت اور کامیابیوں کے ذریعے ادارے نے فزیکل ایجوکیشن اور اسپورٹس کلچر کے فروغ کے اپنے عزم کی توثیق کی۔ پرنسپل سید تنویر نبی نے اسپورٹس کے اساتذہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے سال بھر کی پیش رفت کی تعریف کی۔
اسپورٹس ٹیچر محمد پرویز خان کو ایک خصوصی اسکول اسمبلی کے دوران بہترین کوچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اسکول میں منعقدہ سالانہ اسپورٹس فیسٹیول 2025 میں اسکول کے چاروں ہاؤسز، سرسید ہاؤس، نہرو ہاؤس، طفیل ہاؤس اور آزاد ہاؤس کے طلبہ نے والی بال، رسہ کشی اور ایتھلیٹکس کے مقابلوں میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ والی بال کے فائنل میں نہرو ہاؤس نے آزاد ہاؤس کو شکست دے کر خطاب جیتا، جبکہ رسہ کشی میں طفیل ہاؤس نے سر سید ہاؤس کو ہرایا۔ ایتھلیٹکس مقابلوں میں آیوش کمار نے 100 میٹر دوڑ میں پہلا مقام حاصل کیا۔ ان کے بعد سمیت کمار، ایان خان اور محمد ایان انصاری رہے۔ 4×100 میٹر ریلے میں آزاد ہاؤس نے کامیابی حاصل کی۔ فیسٹیول کا اختتام تقسیم انعامات تقریب پر ہوا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ