
علی گڑھ, 30 دسمبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے شعبہ جراحت کے اینڈوسکوپی سیکشن کا افتتاح کیا۔ شعبہ جراحت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ اینڈوسکوپی ایک اہم ڈائیگنوسٹک ٹول ہے۔ اس سیکشن کے قیام سے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی ایچ) پر مریضوں کا بوجھ کم ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں پروفیسر اقبال عزیز (سابق چیئرپرسن، شعبہ جراحت)، پروفیسر بدرالدجیٰ خان (پرنسپل و میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، اجمل خاں طبیہ کالج و اسپتال)، پروفیسر ایس ایم صفدر اشرف (ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن)، پروفیسر تفسیر علی (چیئرپرسن، شعبہ جراحت) کے علاوہ اجمل خاں طبیہ کالج اور جے این ایم سی ایچ کے اساتذہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر علی گڑھ اور این سی آر سے تعلق رکھنے والے معدہ و آنت کے ماہرین اور میڈیکل و سرجیکل اینڈوسکوپسٹ بھی بطورِ خاص موجود تھے۔
پروفیسر بدرالدجیٰ خان نے اپنے خطاب میں اسپتال کی ترقی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی، جن میں آپریشن تھیٹر کی تزئین و آرائش بھی شامل ہے۔
اظہارِ تشکر کرتے ہوئے پروفیسر تفسیر علی نے بتایا کہ علی گڑھ ضلع میں پہلی اینڈوسکوپی 30 مئی 1995 کو شعبہ جراحت میں پروفیسر انیس اسماعیل، ایم ایس (ریٹائرڈ) نے انجام دی تھی، جو فلیکسیبل اینڈوسکوپ کی ایجاد کے محض پندرہ سال بعد کی بات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک شعبے میں اینڈوسکوپی پروسیجرس کے علاوہ وزارتِ آیوش، حکومتِ ہند کے زیرِ سرپرستی دو بڑے تحقیقی منصوبے اور چار تحقیقی مقالات مکمل کیے جا چکے ہیں۔
پروفیسر علی نے خاص طور پر وائس چانسلر کے غیر معمولی تعاون کا اعتراف کیا، جن کی بدولت اس سیکشن کو دوبارہ قائم کیا گیا، جو 2017 کے بعد مختلف وجوہات کی بنا پر بند ہو گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اینڈوسکوپی سیکشن اب ڈائریکٹ ویو اینڈوسکوپ، سائیڈ ویو اینڈوسکوپ اور ای آر سی پی جیسی سہولیات سے آراستہ ہے، جہاں شعبے کے تربیت یافتہ ماہرین جے این ایم سی ایچ اور این سی آر کے ماہرین کے اشتراک سے اینڈوسکوپی انجام دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ سیکشن نہ صرف مریضوں کی دیکھ بھال کی ضروریات پوری کرے گا بلکہ این سی آئی ایس ایم، حکومتِ ہند کے نصاب کے مطابق علمُ الجراحت کے پوسٹ گریجویٹ طلبہ کی تربیت کا بھی ذریعہ ہوگا۔ پروفیسر تفسیر علی نے مرحوم راجہ رضا علی خان (پنڈراول)، ان کے صاحبزادے اور اے ایم یو طلبہ یونین کے سابق نائب صدر نواب اسد علی خان اور پروفیسر ڈاکٹر نذر عباس کی گراں قدر خدمات پر بھی اظہارتشکر کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ