
اے ایم یو میں77ویں یومِ جمہوریہ کی تقریبات کی تیاریاں شروع
علی گڑھ، 23 دسمبر (ہ س)۔ اے ایم یو میں 77ویں یومِ جمہوریہ کی تقریبات روایتی جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منائی جائیں گی جس کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔ اس سلسلے میں ہفتہ بھر پر محیط تعلیمی، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک مشاورتی جلسہ وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں انہوں نے تقریبات کے انعقاد کے لیے نظم و ضبط کے ساتھ شرکت اور اجتماعی ذمہ داری پر زور دیا۔
یومِ جمہوریہ کی مناسبت سے 25 اور 26 جنوری کو یونیورسٹی کی مرکزی عمارتوں بشمول ایڈمنسٹریٹیو بلاک، مولانا آزاد لائبریری، وکٹوریہ گیٹ اور اسٹریچی ہال کو ترنگے کی روشنیوں میں سجایا جائے گا۔ شعبہ اردو کے زیر اہتمام یوم جمہوریہ مشاعرہ 25 جنوری کی شام یونیورسٹی پولی ٹیکنک آڈیٹوریم میں منعقد ہوگا۔ 26 جنوری کو اسکولی طلبہ کی پربھات پھیری کے بعد صبح 9:30 بجے اسٹریچی ہال پرپرچم کشائی اور این سی سی پریڈ منعقد کی جائے گی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے تمام بڑے دفاتر اور اداروں میں قومی پرچم لہرایا جائے گا۔
تقریبات کے حصے کے طور پر وائس چانسلر یونیورسٹی ہیلتھ سروس کا دورہ کریں گی اور مریضوں میں پھل تقسیم کریں گی، جبکہ پورے کیمپس میں شجرکاری کی سرگرمیاں بھی انجام دی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ہی ہفتہ بھر ادبی مقابلے، مباحثے، کھیل مقابلے اور ثقافتی پروگرام جاری رہیں گے۔ مشاورتی اجلاس سے اے ایم یو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان اور رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر نے بھی خطاب کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ