
علی گڑھ، 23 دسمبر(ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے گیسٹ ہاؤس نمبر 1 کے وسیع میدان کی تزئین نو مکمل کر لی ہے، جس میں انٹرلاکنگ ٹائلز کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس سے اس مقام کی دلکشی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ تجدید شدہ سہولت کا باضابطہ افتتاح وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کیا، جو کیمپس کے بنیادی ڈھانچے اور مہمان نوازی کی سہولیات کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
یہ تزئین و ترقی، یونیورسٹی میں جاری کیمپس ڈیولپمنٹ پروگرام کا حصہ ہے، اور اس سے تقریباً 2100 مربع میٹر کا غیر ہموار علاقہ ایک خوشنما مقام میں تبدیل ہوگیا ہے، جو کانفرنسوں، سیمینارز، ثقافتی پروگرام اور دیگر تقریبات کے لیے موزوں ہے۔ اس جدید ترین سہولت سے گیسٹ ہاؤس کمپلیکس کی خوبصورتی دوبالا ہوگئی ہے۔
افتتاحی تقریب میں سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز، پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان، سینئر فیکلٹی ممبران اور یونیورسٹی کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جن میں پروفیسر رفیع الدین، ڈین آف اسٹوڈنٹس ویلفیئر، پروفیسر سرتاج تبسم، ڈین، فیکلٹی آف سائنس، پروفیسر محمد خالد، ڈین، فیکلٹی آف میڈیسن، اور کئی سربراہان شعبہ شامل تھے۔
افتتاح کے بعد وائس چانسلر نے گیسٹ ہاؤس نمبر ایک کا معائنہ کیا۔ انہوں نے منصوبے کے معیار اور بروقت تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی سہولیات کی مسلسل ترقی، اے ایم یو کی علمی برتری، ادارہ جاتی ورثہ اور قومی و بین الاقوامی سطح پر رابطہ سازی کے لیے ضروری ہے۔
وائس چانسلر نے یونیورسٹی گیسٹ ہاؤسز کے ممبر انچارج پروفیسر ایثار احمد رضوی کو منصوبے کی نگرانی اور انقلابی اقدامات پر سراہا۔ترقیاتی کاموں کو وقت پراور معیار کے ساتھ مکمل کرنے پر بلڈنگ ڈپارٹمنٹ کے ایسوسی ایٹ ممبر انچارج پروفیسر اظہار الحق فاروقی،اور یونیورسٹی گیسٹ ہاؤسز کے ایسوسی ایٹ ممبر انچارج ڈاکٹر علی جعفر عابدی اور دیگر اہلکاروں کی بھی ستائش کی گئی۔ سینئر فیکلٹی ممبران نے کہا کہ تجدید شدہ سہولت، یونیورسٹی میں مہمان نوازی کے معیار کو بلند کرے گی اور مختلف پروگراموں کے لیے ایک بہتر مقام بھی فراہم کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ