

وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اندور میں نئی ایم وائی ہاسپٹل عمارت کے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھا
کل 773.07 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگی 1450 بستروں والی نئی ہاسپٹل عمارت
بھوپال، 14 دسمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا کی قیادت میں ملک اور ریاست کی صحت سہولیات میں گزشتہ 11 برسوں سے لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ مدھیہ پردیش میں نئے نئے میڈیکل کالج اور نرسنگ کالج کھولے جا رہے ہیں۔ ریاستی حکومت شہریوں کی سہولیات میں اضافے کے لیے دن رات کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں ریاست کی صحت سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو اتوار کو اندور کے مہاراجہ یشونت راو اسپتال (ایم وائی ہاسپٹل) احاطے میں کل 773.07 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے 1450 بستروں والے ہاسپٹل کی نئی عمارت کے تعمیراتی کام کے سنگ بنیاد کے موقع پر منعقد پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کر رہے تھے۔ پروگرام میں ریاست کے اربن ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے وزیر کیلاش وجے ورگیہ، آبی وسائل وزیر تلسی رام سلاوٹ، ریاستی وزیر صحت نریندر شیواجی پٹیل بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اس موقع پر کہا کہ جس طرح اندور شہر ہماری ریاست کا وقار ہے، اسی طرح اندور کے ایم وائی ہاسپٹل کی بھی مدھیہ پردیش میں اپنی مخصوص شناخت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندور میں 1450 بستروں والا ہاسپٹل بن جانے سے نہ صرف مدھیہ پردیش، بلکہ ہماری پڑوسی ریاستوں کے ملحقہ اضلاع کے مریضوں کو بھی یہاں بہتر صحت سہولیات دستیاب ہوں گی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ملا کر اس محکمے کو اور مستحکم بنایا گیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ اندور کے ایم وائی ہاسپٹل میں بون میرو ٹرانسپلانٹ اور کڈنی ٹرانسپلانٹ کی سہولت مفت دستیاب ہے۔ انہوں نے تعمیراتی ایجنسی کے افسران کو نئی ہاسپٹل عمارت کی تعمیر میں معیار کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت دی۔
قابل ذکر ہے کہ مدھیہ پردیش بھون وکاس نگم کے ذریعے تعمیر کی جانے والی نئی ہاسپٹل عمارت میں میڈیسن وارڈ میں کل 330 بستر، سرجری ڈیپارٹمنٹ میں 330 بستر، آرتھوپیڈکس ڈیپارٹمنٹ میں 180 بستر، پیڈیاٹرک سرجری ڈپارٹمنٹ میں 60، پیڈیاٹرک وارڈ میں 100، نیورو سرجری میں 60، ای این ٹی (ناک کان گلا) ڈپارٹمنٹ میں کل 30، ڈینٹل ڈپارٹمنٹ میں 20، اسکن ڈپارٹمنٹ میں کل 20، میٹرنٹی اینڈ چائلڈ وارڈ میں 100، آئی (آنکھ) وارڈ میں 80 اور ایمرجنسی میڈیسن وارڈ میں بھرتی ہونے والے مریضوں کے لیے 180 بستروں کی سہولت دستیاب رہے گی۔ نئی ہاسپٹل عمارت میں کل 1450 بستروں والے وارڈوں کی تعمیر پر کل 528 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ اس کے علاوہ 550 بستروں والے نرسنگ ہاسٹل کی تعمیر پر 21.37 کروڑ روپے، 250 سیٹر منی آڈیٹوریم کی تعمیر پر 1.60 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پبلک پارکنگ کی تعمیر پر 31.50 کروڑ روپے، الیکٹریفکیشن، باونڈری وال اور سولر پینل کی تنصیب پر 25.53 کروڑ روپے اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ، پلمبنگ اور واٹر سپلائی سے متعلق کاموں پر تقریباً 10 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
اس سے قبل پروگرام کا آغاز وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے شمع روشن کر کے کیا۔ استقبالیہ خطاب رکن اسمبلی گولو شکلا نے دیا۔ پروگرام میں رکن پارلیمنٹ شنکر لالوانی، اندور کے میئر پشیہ متر بھارگو، رکن اسمبلی رمیش میندولا، رکن اسمبلی مالنی گوڑ، رکن اسمبلی مہیندر ہارڈیہ، رکن اسمبلی مدھو ورما سمیت دیگر عوامی نمائندے اور افسران بھی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن