
حیدرآباد، 14 دسمبر (ہ س)۔ مختلف جماعتوں کے طلبہ نے ہندوستانی معاشرے کی امیر ثقافت اور روایات کو اجاگر کیا، جو نہ صرف نسل در نسل اقدار اور ورثے کی تشکیل کرتی آئی ہے، بلکہ عالمی ثقافت پر بھی اپنا اثرچھوڑا ہے۔ رنگا رنگ پیشکشوں کے ذریعے طلبہ نے ہندوستان کی ثقافتی ہمہ گیری اور اس کے عالمی اثرات کی خوبصورت عکاسی کی۔
اکٹھا ہونا ایک آغاز ہے، ساتھ رہنا ترقی ہے اور مل کر کام کرنا کامیابی ہے۔ اسی جذبے کی عکاسی کرتے ہوئے للتا کلا تھورانم، پبلک گارڈنز میں موسیقی، رنگ اور تخلیقی اظہار کا مرکز بن گیا،جہاں مدینہ اسکولز نے ہفتہ کے روز اپنے سالانہ پروگرام ترنگ کا شاندار انعقادکیا۔ سلمان تاج پاٹل، آئی پی ایس، ڈائریکٹر سی ڈی ٹی آئی حیدرآباد نے پروگرام میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو کبھی کم نہ سمجھیں، اعتماد کے ساتھ اپنے شوق اور دلچسپیوں کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے والدین کو بھی مشورہ دیا کہ وہ بچوں کی کامیابی میں ان کے لیے حوصلہ افزا قوت بنیں۔اس تقریب میں 6,500 سے زائد والدین اور طلبہ نے شرکت کی۔ نرسری سے ہائی اسکول تک کے 1,000 سے زائد طلبہ نے قریب 30 ثقافتی پروگراموں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر اسکول کے نصاب کا حصہ ہم نصابی سرگرمیاں (سی سی اے) اور کھیل کود بھی پیش کیے گئے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔پروگرام کا اختتام اتحاد، تخلیقی صلاحیتوں اور طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی کے پیغام کے ساتھ شاندار انداز میں ہوا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق