
جموں, 7 نومبر (ہ س)۔
ایس ایس پی جموں جوگیندر سنگھ کی صدارت میں ضلع پولیس لائنز جموں میں جرائم اور سیکورٹی صورتحال کا ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس میٹنگ میں تمام زونل ایس ایس پیز، ایس پی آپریشنز جموں، ایس ڈی پی اوز، ڈی وائی ایس پی ڈی اے آر، سینئر پی او ڈی پی او جموں، ایف ایس ایل یونٹ کے انچارج اور تمام ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع میں جرائم پر قابو پانے، امن و قانون کی فضا برقرار رکھنے اور تفتیشی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ایس ایس پی نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ متاثرین کو بروقت انصاف فراہم کرنے کے لیے مقدمات کی تفتیش مقررہ مدت کے اندر مکمل کی جائے۔
میٹنگ کے دوران منشیات، جائیداد، مفرور ملزمان، لاپتہ افراد اور سماجی جرائم سے متعلق کیسوں کے فوری نپٹارے کے ساتھ ساتھ پولیسنگ کے دیگر اہم پہلوؤں پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ سی سی ٹی این ایس، ای-اینےبلمنٹ، ایس آئی ڈی اور ای-سمن جیسے جدید نظاموں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ایس ایس پی جموں نے افسران کو ہدایت دی کہ تمام نوعیت کے مقدمات کی تفتیش میں معیار اور شفافیت کو اولین ترجیح دی جائے اور سماج دشمن و منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے رہائی یافتہ مجرمان اور گینگسٹرز کی سرگرمیوں پر قریبی نگرانی رکھنے اور ان کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے پر زور دیا تاکہ عوام میں خوف و ہراس پیدا نہ ہو۔
ایس ایس پی نے کہا کہ بدعنوانی، جرائم کی پشت پناہی اور محکمانہ بے ضابطگیوں کے لیے کسی صورت برداشت کی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس کی اصل پہچان عوامی خدمت، بروقت ردعمل اور ہمدردانہ رویے سے ہوتی ہے۔
آخر میں انہوں نے جموں پولیس ٹیم کے پیشہ ورانہ جذبے کی تعریف کرتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ سرحدی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے، دیگر سیکورٹی ایجنسیوں سے قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے اور عوام کو کسی بھی طرح کی پریشانی کے بغیر کرایہ داروں کی تصدیق کا عمل یقینی بنایا جائے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر