
آخری تین دن پارٹی کیلئے اہم ، سرگرم انتخابی مہم پر زور : ریونت ریڈیحیدرآباد ، 7 نومبر (ہ س)۔
وزیراعلی ریونت ریڈی نے وزراء اورپارٹی قائدین کوہدایت دی کہ وہ جوبلی ہلز میں انتخابی مہم کے آخری مرحلہ میں مکمل مستعدی برقرار رکھیں اوربی آر ایس اور بی جے پی کی جانب سے رائے دہندوں کو راغب کرنے کیلئے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرحکام کوواقف کرائیں۔ ریونت ریڈی نے جوبلی ہلزمیں چارروزہ انتخابی مہم کے بعد آج سرکردہ قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ نائب وزیراعلی بھٹی وکرمارکا، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ،اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن ،ریاستی وزراء پونم پربھاکر، ویویک وینکٹ سوامی اور دیگرانچارج وزراء اورقائدین نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلی نے چارروزہ انتخابی مہم کے دوران عوامی رد عمل کے بارے میں اپنے تجربات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز کے رائے دہندے کانگریس پارٹی کو کامیاب بنانے کا تہیہ کرچکے ہیں۔ انتخابی مہم کے آخری ایام میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے۔ رائے دہندگان کو بی آرایس اور بی جے پی کی جانب سے رقومات کی تقسیم کے ذریعہ راغب کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن کے مبصرین کو واقف کرایا۔ وزیراعلی نے کہا کہ جوبلی ہلز کے رائے دہندے ترقی اور فلاح وبہبود کے حق میں ہیں۔ تمام طبقات کی جانب سے کانگریس کی تائید کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ وزیراعلی نے بوتھ سطح کی کمیٹیوں کومتحرک کرنے کا مشورہ دیا تاکہ رائے دی کی فیصد میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تمام حامیوں کو پولنگ بوتھ تک پہنچانا بوتھ کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔ میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ نے پد یاترا کے موقع پر عوامی ردعمل سے واقف کرایا۔۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق