
حیدرآباد دکن فاؤنڈیشن آف کینیڈا (ایچ ڈی ایف سی) کی بورڈ میٹنگ
حیدرآباد، 7 نومبر (ہ س)۔
حیدرآباد دکن فاؤنڈیشن آف کینیڈا (ایچ ڈی ایف سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے تمام ڈائریکٹرز اور اراکین کوایک خصوصی میٹنگ میں شمولیت کی گرمجوشی سے دعوت دی۔ یہ میٹنگ 115 ہل کریسٹ ایونیو، مسّاگا، اونٹاریو (پارٹی روم) میں منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ کا بنیادی مقصد بشیر بیگ ایجوکیشنل ٹرسٹ کے قیام پرغور و خوص اوراسے منظوری دینا تھا۔ یہ ایک رفاحی اقدام ہے جس کا ہدف کینیڈا اورحیدرآباد،انڈیامیں غریب اورکم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
میٹنگ کا آغاز پیرسید سہروردی حسینی، فاؤنڈرڈائریکٹرایچ ڈی ایف سی، کی جانب سے ایک پراثردعا سے ہوا۔ دعا کے بعد، سید سہروردی حسینی نے بشیربیگ ایجوکیشنل ٹرسٹ کے وژن اورمقاصد پرتفصیل سے روشنی ڈالی اور اس کے مشن پرزور دیا جو مستحق طلبہ کوتعلیمی امداد اور مواقع فراہم کرکے بااختیاربنانا ہے۔ محمد یارخان، چیئرمین ایچ ڈی ایف سی، نے مخاطب کیا اورٹرسٹ کے فریم ورک،اہداف اورمعاشرے پراس کے اثرات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔
انہوں نے تعلیمی مساوات کوفروغ دینے اورآنے والی نسلوں کی مدد کرنے میں اجتماعی کوششوں کی اہمیت پرزوردیا۔ سید ضیاء الدین احمد، ڈائریکٹرایچ ڈی ایف سی،نے اس مقصدکے لیے اپنی عزم کا اظہار کیا اور حیدرآباد، تلنگانہ، انڈیا میں ایک آپریشنل آفس قائم کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا تاکہ تعلیمی معاونت کے پروگراموں میں ہم آہنگی اورعمل درآمدکو آسان بنایا جا سکے۔
قادربیگ، ڈائریکٹرایچ ڈی ایف سی، نے تمام ڈائریکٹرزکے جذبے اوران کی کاوشوں کا دلی شکریہ ادا کیا جو ان کے مرحوم والد بشیر بیگ کے وژن کوحقیقت بنانے کے لیے کی گئیں، اور بیگ فیملی کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تمام ڈائریکٹرز نے متفقہ طورپر بشیربیگ ایجوکیشنل ٹرسٹ کی اس پہل کو منظوری دی اور اسے کینیڈا اور حیدرآباد، انڈیا دونوں جگہوں پرغریب طلبہ کی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قراردیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق