
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا، چھترپور میں بنایا جائے گا نیا کرکٹ اسٹیڈیم، کرانتی کو 15 نومبر کو بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش پر اعزاز سے سر فراز کیا جائے گا
وزیراعلیٰ نے کرکٹر کرانتی گوڑ اور ان کے والدین و کوچ کا استقبال کیا
بھوپال، 7 نومبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ-2025 جیت کر پوری دنیا میں ہندوستان اور مدھیہ پردیش کا پرچم بلند کیا ہے۔ چھتراپور ضلع کے گھوارا کی تیز گیند باز کرکٹر کرانتی گوڑ نے مشکل حالات میں یہ کامیابی حاصل کی ہے۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وسائل کی کمی اور سماجی چیلنجوں کے باوجود محنت اور پختہ عزم کی بنیاد پر کرانتی نے اس ہدف کو حاصل کیا ہے۔ کرکٹر کرانتی گوڑ نہ صرف مدھیہ پردیش بلکہ پورے ہندوستان کی بیٹیوں کے لیے تحریک کا ذریعہ ہیں۔ بھگوان برسا منڈا کی جینتی 15 نومبر کو جبلپور میں ہونے والے ریاستی سطح کے پروگرام میں کرکٹر کرانتی گوڑ کو اعزاز بخشا جائے گا۔
وزیراعلیٰ آج ورلڈ کپ 2025 کی فاتح ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی مدھیہ پردیش کی باصلاحیت کھلاڑی اور تیز گیند باز کرکٹر کرانتی گوڑ کے لیے وزیراعلیٰ رہائش گاہ میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران وزیراعلیٰ نے کھلاڑیوں کی مشق کے لیے چھتراپور میں نیا کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹر کرانتی گوڑ کے والد کی بحالی کے لیے اپیل کرنے پر قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کرکٹر کرانتی گوڑ کے استقبال کے لیے انہیں گلدستہ پیش کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کرکٹر کرانتی کے والدین منّا سنگھ گوڑ اور محترمہ نیلم سنگھ گوڑ اور کوچ راجیوا برتھرے کو گلدستہ پیش کر کے ان کا اعزاز کیا۔ انہیں یادگاری تحفے بھی پیش کیے گئے۔استقبالیہ تقریب میں مدھیہ پردیش کھیل اکیڈمی کی لڑکیوں نے کرکٹر کرانتی گوڑ سے بات چیت کی۔
وزیراعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کرکٹر کرانتی گوڑ اور کھیل اکیڈمی کی لڑکیوں کے ساتھ بات چیت میں حصہ لیتے ہوئے موجود لڑکیوں کو فٹنس کا خیال رکھنے کے لیے متحرک کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوگا اور دھیان فٹنس اور توجہ مرکوز کرنے کے لیے ضروری ہیں۔ یہ دونوں چیزیں کھیل کے ساتھ ساتھ بہتر زندگی کے لیے بھی اہم ہیں۔موجود لڑکیوں نے کرکٹر کرانتی سے ان کے فٹنس روٹین، دلچسپیوں، جدوجہد، کھیل کی مسلسل مشق اور قومی و بین الاقوامی سطح پر ہونے والے کھیل مقابلوں کے تجربات کے بارے میں سوالات کیے۔ لڑکیوں نے وزیراعلیٰ سے ان کے بچپن کی دلچسپیوں اور پسندیدہ کھیل وغیرہ کے بارے میں بھی پوچھا۔ انہوں نے بتایا کہ اجین میں تمام تہواروں کے موقع پر شپرا ندی میں اسنان کرنے کی روایت ہے۔ وہ بھی بچپن میں اپنی والدہ کے ساتھ شپرا ندی میں اسنان (غسل) کرنے کے لیے اکثر جاتے تھے۔ انہیں تیرنا اور ہاکی کھیلنا بھی خاص طور پر پسند تھا۔
اس موقع پر کھیل اور یوتھ ویلفیئر وزیر وشواس سارنگ، رکن اسمبلی بھگوان داس سبنانی اور بڑی تعداد میں کھیل اکیڈمی کی لڑکیاں موجود تھیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن