
اے آئی سی ٹی ای-وانی اسکیم میں گرین انرجی ٹیکنالوجیز کی اہمیت پر ورکشاپ کا انعقاد
علی گرھ، 6 نومبر (ہ س)۔ شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ کے زیر اہتمام اے آئی سی ٹی ای-وانی اسکیم کے تحت ”انٹیگریٹنگ گرین انرجی ٹیکنالوجیز فار سسٹینیبل ڈیولپمنٹ“ موضوع پر تین روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔ ورکشاپ کا مقصد گرین اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں علمی اشتراک، صلاحیت سازی اور معلوماتی تبادلے کو فروغ دینا تھا۔
افتتاحی اجلاس کے مہمانِ خصوصی انجینئر شہیدالحسن، چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر، نیو اینڈ نوبل انرجی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں پائیدار ترقی اور توانائی کے تحفظ میں قابلِ تجدید توانائی کے بڑھتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے زور دیا کہ شمسی توانائی، ہوا سے پیدا ہونے والی بجلی، ہائیڈروجن انرجی سسٹمز اور اسمارٹ گرڈز جیسے جدید نظاموں کو ملک کی توانائی کے ڈھانچے میں شامل کرنا ناگزیر ہے۔
شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ کے سربراہ پروفیسر یوسف الزماں خاں نے اے آئی سی ٹی ای وانی اسکیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے پیشہ ورانہ اداروں میں تحقیق، تعلیم اور بین جامعاتی روابط کو تقویت ملی ہے۔ آرگنائزنگ چیئرمین، پروفیسر ابو طارق نے اے آئی سی ٹی ای اور یونیورسٹی انتظامیہ کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ورکشاپ شعبہ کی اس مسلسل کوشش کا حصہ ہے جو پائیدار توانائی کے میدان میں علمی ترقی اور تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کی جا رہی ہے۔
پروگرام کوآرڈینیٹر، ڈاکٹر شیراز کرمانی نے بتایا کہ یہ پچھلے دو تعلیمی سیشنز میں شعبہ کی جانب سے منعقد ہونے والی تیسری ورکشاپ ہے، جو صاف توانائی کی تعلیم اور تحقیق کو فروغ دینے کے عزم کی علامت ہے۔ ورکشاپ میں ماہرین کے لیکچرز اور مباحث شامل تھے، جن میں شمسی توانائی کے انضمام، توانائی کے ذخیرے، برقی نقل و حرکت، ہائیڈروجن توانائی، اور اسمارٹ گرڈ ٹیکنالوجیز جیسے موضوعات پر گفتگو کی گئی۔
اس میں این آئی ٹی سری نگر، جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی)، اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کشمیر)، ڈی ٹی یو (دہلی ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی)، این ایس یو ٹی (نیتاجی سبھاش یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی)، اے ایم یو اور آس پاس کے کالجوں کے اساتذہ و طلبہ نے شرکت کی۔ اے آئی سی ٹی ای کے رہنما اصولوں کے مطابق، 50 شرکاء کو منتخب کیا گیا جن میں فیکلٹی ممبران، ریسرچ اسکالرز اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ شامل تھے۔
اختتامی اجلاس میں ڈاکٹر عادل سرور نے اظہارِ تشکر پیش کیا اور فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈین، زاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے پرنسپل، اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا جن کی شرکت سے یہ ورکشاپ کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ