
نئی دہلی، 06 نومبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر مملکت ہرش ملہوترا نے جمعرات کو مشرقی دہلی کے ایسٹ ونود نگر اسپورٹس کمپلیکس میں مقامی کھیلوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور فٹنس کے بارے میں بیداری بڑھانے کے مقصد سے ”سنسد کھیل مہوتسو 2025-مشرقی دہلی“ کا افتتاح کیا ۔
اپنے خطاب میں ملہوترا نے کہا کہ ملک میں زمینی سطح پر کھیلوں کی ثقافت کو مضبوط کرنا ناگزیر ہے کیونکہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لیے بلکہ ذہنی اور سماجی ترقی کے لیے بھی ضروری ہیں۔ مرکزی وزیر نے نوجوانوں کے جوش و جذبے اور شرکت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی بے پناہ توانائی اور مثبت سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’سنسد کھیل مہوتسو‘ کا مقصد نہ صرف کھیلوں کے جذبے کو فروغ دینا ہے بلکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی شناخت کرکے انہیں ضلع، ریاستی اور قومی سطح تک پہنچنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
ملہوترا نے اپنے خطاب میں کھیلوں کے پانچ ’ایس‘ -اسپیڈ( رفتار)، اسٹیمنا( صلاحیت)، اسکل (مہارت)، اسٹرینتھ (طاقت) اور اسپرٹ (جذبے)کا تذکرہ کیا اورکہا کہان پانچوں میں سب سے اہم جذبہ - یعنی اسپورٹس مین شپ ہے۔
انہوں نے حال ہی میں اعلان کردہ ”کھیلو انڈیا پالیسی 2025“ کا بھی تذکرہ کیا، جو ہندوستان کے کھیلوں کے منظر نامے کو نئی شکل دینے اور کھیلوں کے ذریعے شہریوں کو بااختیار بنانے کی طرف ایک تاریخی قدم ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کھیلوں کو تعلیم اور ثقافت کی طرح اہمیت دی جانی چاہئے کیونکہ یہ ملک کے مستقبل کے کھلاڑیوں کی تیاری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
سنسد کھیل مہوتسو کے تحت کل 11 کھیلوں کے شعبوں - ایتھلیٹکس، کبڈی، کھو کھو، والی بال، ریسلنگ، فٹ بال وغیرہ میں مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں مختلف عمر کے لڑکے اور لڑکیاں حصہ لیں گے۔
پروگرام کے اختتام پر ملہوترا نے اسکولوں، کالجوں، اسپورٹس کلبوں اور مقامی کھلاڑیوں سے فیسٹیول کو کامیاب بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔اس موقع پر وجیندر دھاما (ضلع صدر، بی جے پی میور وہار ضلع)، رویندر سنگھ نیگی (ایم ایل اے، پتپر گنج) سمیت کئی معززین اور عہدیدار موجود تھے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد