
جموں, 6 نومبر (ہ س)۔
قبائلی امور کے وزیر جاوید احمد رانا سے آج متعدد وفود نے ملاقات کر کے اپنی مشکلات اور مطالبات پیش کیے۔ اس موقع پر وزیر نے کہا کہ عمر عبداللہ کی حکومت عوامی شکایات کے فوری ازالے اور ترقی و فلاحی منصوبوں کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
گجر و بکر وال پوسٹ گریجویٹ بوائز ہاسٹل کے وفد نے وزیر موصوف کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے طلبہ کے لیے ہنر مندی کی تربیت، تعلیمی دوروں اور ڈیجیٹل تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ وفد نے طلبہ میں ٹیبلٹ تقسیم کرنے کی بھی درخواست کی تاکہ ای-لرننگ کو فروغ دیا جا سکے۔
وزیر جاوید رانا نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت قبائلی اور پسماندہ طبقے کے طلبہ کی تعلیمی ترقی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہاسٹلوں میں تعلیمی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ سیزنل ایجوکیشنل والنٹیئرز کے ایک وفد نے بھی وزیر سے ملاقات کی اور اپنی خدمات کی مدت میں توسیع کا مطالبہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ یہ اساتذہ خانہ بدوش بچوں کی تعلیم کے تسلسل کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور اب تک 4300 سے زائد طلبہ اس اسکیم سے مستفید ہو چکے ہیں۔
وزیر نے وفود کی بات توجہ سے سنی اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبات پر ترجیحی بنیادوں پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قبائلی اور خانہ بدوش برادریوں کے تعلیمی بااختیاری اور مساوی ترقی کے لیے پُرعزم ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر