
جموں, 6 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے آر ایس پورہ علاقے سے دو بین ریاستی خواتین اسمگلروں کو گرفتار کر کے 13 کلو 778 گرام پوست بھکی برآمد کر لی۔ یہ کارروائی کوٹلی شاہ دولہ کے نزدیک شیو مندر کے قریب انجام دی گئی، جو پولیس اسٹیشن آر ایس پورہ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
گرفتار شدہ خواتین کی شناخت سمرن پریت کور دختر سکھدیپ سنگھ اور جیسمن کور دختر نرمَل سنگھ کے طور پر کی گئی ہے، دونوں ضلع امرتسر (پنجاب) کے قصبہ بیاس کی رہائشی ہیں۔پولیس کے مطابق، دورانِ ناکہ چیکنگ دونوں خواتین کے قبضے سے پٹھو بیگز میں چھپائی گئی پوست بھکی برآمد ہوئی، جو پلاسٹک کے تھیلوں میں احتیاط سے بند کی گئی تھی۔
اس معاملے میں پولیس اسٹیشن آر ایس پورہ میں ایف آئی آر نمبر 216/2025 درج کر کے دونوں خواتین کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8، 15 اور 29 کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔ تفتیشی ٹیم نے بتایا کہ سپلائی چین کے پیچھے موجود نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات تیزی سے جاری ہیں۔پولیس حکام نے کہا کہ جموں پولیس منشیات کے پھیلاؤ کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور نوجوان نسل کو اس خطرناک لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنی کارروائیاں مزید سخت کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر