
بھوپال، 6 نومبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں پچھلے چند دنوں سے جاری آندھی، بارش اور گرج چمک کا سلسلہ اب تھمنے والا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ پانچ دنوں تک آسمان صاف رہے گا اور بارش کے کوئی آثارنہیں ہیں۔ البتہ اس دوران رات کے درجہ حرارت میں دو سے تین ڈگری تک کمی درج کی جا سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شمال سے آنے والی ٹھنڈی ہواوں کا اثر سب سے پہلے گوالیار-چمبل علاقے میں محسوس ہوگا۔ آنے والے دنوں میں ریاست کے شمالی اضلاع میں سردی تیزی سے بڑھے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی ہندوستان کے پہاڑی علاقوں میں برفباری شروع ہو چکی ہے، جس کا اثر اگلے 48 گھنٹوں کے اندر مدھیہ پردیش تک پہنچے گا۔ اس سے گوالیار-چمبل ڈویژن، نیمچ، مندسور، نیواڑی، ٹیکم گڑھ، چھترپور، پنّا، گنا، راجگڑھ، آگر-مالوا اور شاجاپور جیسے اضلاع میں سردی بڑھنے کے امکانات ہیں۔ ماہرین کے مطابق اکتوبر کے آخری ہفتے میں تشکیل شدہ موسمی نظام کی وجہ سے خلیج بنگال اور بحیرہ عرب دونوں سمتوں سے نمی آئی تھی، جس کے باعث آسمان میں بادل چھائے رہے اور دن کا درجہ حرارت نسبتاً مستحکم رہا۔ فی الحال ہریانہ کے قریب ایک سائیکلونک سرکولیشن فعال ہے، جو شمال سے ٹھنڈی ہواوں کے داخلے میں رکاوٹ بن رہا ہے۔ اگلے 24 گھنٹوں میں یہ نظام ویسٹرن ڈسٹربنس میں ضم ہو جائے گا، جس کے بعد ریاست میں سردی کا اثر مزید بڑھ جائے گا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شیوپور، شیوپوری، گوالیار، اشوکنگر، گنا، بیتول، ساگر، ٹیکم گڑھ، چھترپور اور چھندواڑہ میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے سبب درجہ حرارت میں کمی آئی۔ نرسنگھ پور میں رات کا درجہ حرارت 5.4 ڈگری کم ہو کر 17.2 ڈگری سیلسیس پر پہنچ گیا۔ چھندواڑہ-منڈلا میں 17.6 ڈگری، ریوا میں 15.8 ڈگری، سیونی میں 17.4 ڈگری، ٹیکم گڑھ میں 16.8 ڈگری، امریا میں 17.3 ڈگری، ملاجکھنڈ میں 16.7 ڈگری، اندور میں 18.2 ڈگری، اجین میں 18.3 ڈگری، گوالیار میں 20.1 ڈگری، کھنڈوا-شیوپوری میں 17 ڈگری، کھرگون میں 17.8 ڈگری اور بھوپال میں کم از کم 18.8 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔
دن کے درجہ حرارت کی بات کی جائے تو پچمڑھی سب سے ٹھنڈی جگہ رہی، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ وہیں رائسین میں 27 ڈگری، بیتول میں 26.7 ڈگری، شیوپور میں 29.6 ڈگری، چھندواڑہ-دموہ میں 29.5 ڈگری، نرسنگھ پور میں 29.6 ڈگری، سیونی میں 28 ڈگری، سیدھی میں 28.8 ڈگری، امریا میں 29.9 ڈگری اور ملاجکھنڈ میں پارہ 26.7 ڈگری سیلسیس تک درج کیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن