
جموں, 6 نومبر (ہ س)ضلع پونچھ پولیس نے آن لائن دھوکہ دہی سے حاصل کی گئی رقم کے خلاف ایک اہم کارروائی انجام دیتے ہوئے تقریباً 8.5 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد کو دفعہ 107 بی این ایس ایس کے تحت ضبط کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سرنکوٹ میں درج ایف آئی آر نمبر 71/2025 کے تحت کی گئی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم ساجد خان ولد محمد صادق سکنہ دروگین، تحصیل سرنکوٹ نے ٹیلیگرام اور ڈریم 11 پلیٹ فارم کے ذریعے جعلسازی اور دھوکہ دہی کے ذریعہ حاصل کی گئی غیر قانونی رقم سے ایک ماروتی سوزوکی بریزا کار خریدی تھی۔
پولیس نے مجاز اتھارٹی کی ہدایت پر کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ گاڑی کو ضبط کر کے اس پر ضبطی کا نوٹس بھی چسپاں کر دیا ہے۔ نوٹس میں عوام کو متنبہ کیا گیا ہے کہ کوئی بھی شخص اس گاڑی کو خریدنے، کرائے پر لینے یا اس پر کسی تیسرے فریق کا حق قائم کرنے کی کوشش نہ کرے، بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پونچھ پولیس کے مطابق، یہ کارروائی ایس ایس پی پونچھ شفقت حسین کی نگرانی میں انجام دی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے حاصل شدہ جائیدادوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی قانون کے مطابق جاری رہیں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر