
اے ایم یو کے شعبہ ہوم سائنس میں طالبات کے لیے اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد
علی گڑھ، 6 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز کے شعبہ ہوم سائنس میں اے ایم یو گرلز ہائی اسکول کی طالبات کے لیے ایک اورینٹیشن پروگرام منعقد کیا گیا، جس کا مقصد کمیونٹی سائنس (ہوم سائنس) کے دائرہ کار، اہمیت اور اس کے مختلف پیشہ ورانہ مواقع سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ یہ پروگرام بی ایس سی کمیونٹی سائنس کی طالبات نے پروفیسر صبا خان (چیئرپرسن) اور ڈاکٹر حنا پروین (گَیسٹ فیکلٹی) کی نگرانی میں منعقد کیا گیا۔
اس موقع پر ایک اسکٹ اور انٹرایکٹو پریزنٹیشن پیش کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ کمیونٹی سائنس زندگی کے معیار کو بہتر بنانے، صحت کو فروغ دینے، وسائل کے بہتر استعمال اور قومی ترقی میں کس طرح اہم کردار ادا کرتی ہے۔
اس اسکٹ میں ہوم سائنس سے متعلق عام غلط فہمیوں کی اصلاح کرتے ہوئے اسے صرف گھریلو امور تک محدود تصور کرنے کے بجائے ایک کثیرالجہت، سائنسی اور پیشہ ورانہ شعبہ کے طور پر پیش کیا گیا جو سائنس، ٹیکنالوجی اور سماجی علوم کے امتزاج سے فرد اور معاشرے کو بااختیار بناتا ہے۔
پروگرام کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن منعقد ہوا، جس میں طالبات نے اس شعبہ میں تعلیمی و پیشہ ورانہ امکانات کے بارے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ اس موقع پر محترمہ مہر جبیں تمنا (ریسرچ اسکالر)، ریم ذوالفقار (ایم ایس سی، سال اول)، اور ارم فاطمہ و نوشین شان (بی ایس سی، چہارم سال) نے پروگرام کے انتظامات میں فعال کردار ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ